کراچی سمیت سندھ کے 26 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات 20 اپریل کو ہوں گے

الیکشن کمیشن نے ضمنی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا

فوٹو : فائل

الیکشن کمیشن نے سندھ میں مختلف کیٹگریز کی 93 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ڈویژن سمیت سندھ کے 26 اضلاع میں مختلف کیٹگریز کی 93 نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے ۔ ان میں کراچی کے 11 سمیت سندھ بھر کے 28 چیئرمین وائس چیئرمین ، 61 جنرل ممبرز اور ممبر ڈسٹرکٹ کونسل کی 4 نشستیں بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان نشستوں پر 20 تا 22 مارچ کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے جبکہ 28 مارچ تک نامزدگی فارمز کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔


الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 6 اپریل کو کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔ 7 اپریل کو انتخابات نشانات الاٹ کیے جائیں گےجبکہ پولنگ 18 اپریل کو ہوگی جس کے نتائج 20 اپریل کو جاری کیے جائیں گے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کی ملتوی شدہ 11 نشستوں پر انتخابی شیڈول کا اجرا اہل کراچی کی فتح و کامیابی ہے، جماعت اسلامی بھر پور طریقے سے ان انتخابات میں حصہ لے گی اور کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی سب سے زیادہ ووٹ اور وارڈز میں بھی کامیابی حاصل کی، ان 11نشستوں کے انتخابات کے بعد ہماری فتح اور واضح ہو جائے گی۔ عوام ان یوسیز میں بھی ترازو کو کامیاب کریں۔ کراچی میں ہمارا میئر بنے گا تو ہی شہر کی حالت سدھر ے گی اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔
Load Next Story