پشاور سے کالعدم ٹی ٹی پی کے دو انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار 

گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سےبھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا

فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

محکمہ انسداد دہشتگردی ملاکنڈ ریجن نے کارروائی کرتے ہوئے 2 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سےہے، گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سےبھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی مالاکنڈ ریجن کو مصدقہ ذرائع سے اطلاعات ملی کہ دہشتگرد کسی بڑی تخریبی کارروائی کی غرض سے علاقہ دوبندو تھانہ دیر کے ایک رہائشی مکان میں موجود ہیں۔

خفیہ اطلاع کے بعد سی ٹی ڈی کی ٹیم نے بھرپور آپریشن کرکے دو ہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن کی شناخت محمد الیاس عرف حمزہ خراسانی ولد زمان خان سکنہ دوبند دیر بالا اور ابراہیم ولد محمد خان سکنہ دوبندو دیر بالا کے نام سے ہوئی۔ دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا گیا ہے۔


گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے ایک کلاشنکوف معہ دو عدد میگزین، 7.62 بور 60 رائونڈ، ایک بنڈولئیر اور ایک عدد ہینڈ گرنیڈبرآمدہوا۔

گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر گھر میں موجود ٹین کے صندوق سے 7.62 بور کے 59 رائونڈ، 6 کلوگرام سے زائد بارودی مواد، سیفٹی فیوز، پرائما کارڈ، ایک عدد ریموٹ، آئی ای ڈی میں استعمال ہونے والی ایک الیکٹرانک ڈیوائس، 13 عدد ڈیٹونیٹر ا ور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔ ۔برآمد شدہ ہینڈ گرنیڈ کو بم ڈسپوزل یونٹ نے محفوظ مقام پر لے جاکر ناکارہ بنادیا۔

گرفتار دہشتگردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی ملاکنڈ ریجن میں 4/5ESA-15AA-7ATA کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش کی جارہی ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔
Load Next Story