کراچی میں بائیک چھیننے کے دوران مزاحمت پر بزرگ شہری قتل

ڈکیتوں سے مزاحمت پر بہادر آباد میں 50 سالہ شہری اور نارتھ ناظم آباد میں 20 سالہ لڑکے کو زخمی کردیا

(فوٹو : فائل)

طارق روڈ پر ملزمان نے 60 سالہ شخص کو مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کردیا، مختلف علاقوں میں مزاحمت پر 2 افراد فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس کے مطابق فیروز آباد تھانے کی حدود طارق روڈ علامہ اقبال روڈ لبرٹی چوک کے قریب مسلح ملزمان نے دن دیہاڑے 60 سالہ شخص سے 125 موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی اور ناکامی پر پسلیوں پر فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

مقتول کو نجی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے موت کی تصدیق کردی اس کے بعد جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مقتول کے ورثا قانونی کارروائی کے بغیر لاش لے گئے۔


مقتول کی شناخت رحمان بابا کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتول طارق روڈ پر ایک جیولر کی دکان پر چوکی داری کا کام کرتا تھا جو کہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے قصبہ کالونی نمبر ایک کا رہائشی تھا۔

طارق روڈ کے دکان داروں اور علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ملزمان دن بھر دندناتے ہوئے گھومتے ہیں، پولیس کو متعدد بار شکایت کی مگر کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔

دریں اثنا بہادر آباد کے علاقے آدم جی نگر بلاک 2 میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے 50 سالہ میر حبیب سے نقدی چھین لی مزاحمت پر ٹانگ پر گولی مارکر زخمی کردیا بعدازاں ملزمان بآسانی فرار ہوگئے۔

اسی طرح نارتھ ناظم آباد کے علاقے ضیا الدین اسپتال کے قریب 20 سالہ محمد نعیم کو ملزمان نے گولی مارکر زخمی کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان زخمی سے موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل چھین رہے تھے جس میں ناکامی پر گولی مار دی۔
Load Next Story