راہداری ریمانڈ کی منظوری کے بعد حسان نیازی کراچی منتقل

حسان نیازی کے خلاف جمشید کوارٹرز تھانے اشتعال انگیز تقریرسمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے

فوٹو ایکسپریس نیوز

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن بیرسٹر حسان نیازی کو لاہور سے کراچی منتقل کردیا گیا۔

لاہورکی انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کو کراچی لے جانے کی اجازت اور دو روزہ راہداری ریمانڈ ملنے کے بعد منگل کی دوپہر کراچی پولیس کے افسران حسان نیازی کو قومی ایئر لائن کی پروازسے لاہور سے لیکر کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو ایئر پورٹ پربھی پولیس کی بھاری نفری موجود تھی جبکہ پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔

حسان نیازی کوسخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے باہرلایا گیا۔ جہاں سے ڈسٹرکٹ ایسٹ شعبہ تفتیش نے حسان نیازی کو ایئرپورٹ سے اپنی تحویل میں لیا اور لے کر روانہ ہوگئی، اس موقع پر تین تھانوں کے افسران و اہلکار ایئرپورٹ پر موجود تھے جبکہ منتقلی کے دوران پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔

حسان نیازی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گرفتاری کےلیے تیار تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بڑا ہے اور گرفتاری بہت چھوٹی چیز ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ملکی اداروں اور ملک کے خلاف کبھی نازیبا الفاظ استعمال نہیں کیے۔ ہم سے بڑا محب وطن کوئی نہیں ہوگا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کیخلاف کراچی میں مقدمہ درج


 

پولیس حکام کے مطابق ایئرپورٹ سے حسان نیازی کوگڈاپ تھانے منتقل کیا گیا ہے جہاں اُن سے پوچھ گچھ کی جائے گی اور پھر آج (بدھ) کو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ حسان نیازی کے خلاف جمشید کوارٹرز تھانے میں محمد اقبال نامی شہری کی مدعیت میں اشتعال انگیز تقریرسمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

 

اُدھر کارسرکار میں مداخلت اور اشتعال انگیزی کے کیس میں عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی ضمانت منسوخی کی درخواست ریاست کی طرف سے دائر کردی گئی۔ جس کو عدالت نے قابل سماعت قرار دیتے ہوئے ملزم کو تیس مارچ کا نوٹس جاری کردیا۔ ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان نے دیگر فریقین کو بھی نوٹسسز جاری کیے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے اسٹیٹ کو سنے بغیر ضمانت منظور کی، پراسیکوٹر کو نوٹس سے متعلق آگاہ بھی نہیں کیا اور مجسٹریٹ نے فیصلہ کردیا، مجسٹریٹ کا ضمانت منظوری کا فیصلہ قانون کی نظر میں غیر قانونی ہے، حسان نیازی مقدمے میں نامزد ہے اور وہ ضمانت کا حقدار نہیں کیونکہ ملزم پر پولیس اہلکاروں پر اقدام قتل کا الزام ہے لہذا عدالت ضمانت منسوخ کرے۔
Load Next Story