میٹرو پاور کمپنی ونڈ پروجیکٹ کیلیے 9 کروڑ 86 لاکھ ڈالر دیگی

استنبول میں معاہدے پر دستخط، منصوبے سے 50 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی

استنبول: چیئرمین میٹرو کمپنی اقبال علی محمد ، سی ای او دانش اقبال اور نتاشا اقبال معاہدے پر دستخط کر رہی ہیں۔

میٹرو پاور کمپنی کی طرف سے ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے ایک منصوبے (50 میگاواٹ) کیلیے 9کروڑ 86 لاکھ ڈالرز کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔


سندھ میں جھمپیر کے مقام پر جرمنی سے درآمد ڈھائی میگاواٹ کی پیداواری صلاحیت والی 20 ٹربائن نصب کی جائیں گی، منصوبہ 2015 کے آخر تک کام شروع کر دے گا، میٹرو پاور کمپنی یہ بجلی حکومت پاکستان کے ساتھ قابل تجدید معاہدے کے تحت نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کو 20 سالہ مقررہ قیمت پر فروخت کرے گی، منصوبہ ایک سرکردہ پاکستانی بزنس فیملی اقبال علی محمد اور انفراکو کینجھر ونڈ ( انفرا کو ایشیا ڈیولپمنٹ پرائیویٹ لیمٹڈ سنگاپور کا ذیلی ادارہ) کا مشترکہ ملکیت ہوگا۔

ورلڈ بینک گروپ کے ایک ممبر آئی ایف سی کی بھی منصوبے میں ایکوٹی اور دلچسپی ہے، میٹرو پاور کے چیف ایگزیکٹو افسر دانش اقبال علی محمد کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور ہم ملک و قوم کی خدمت میں ہاتھ بٹانے پر بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شیئرہولڈرز، قرض دینے والوں اور حکومت پاکستان کے تعاون پر ان کے بے حد مشکور ہیں جس کیوجہ سے ہم یہ اہم سنگ میل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
Load Next Story