کراچی2 دوستوں کے قتل کا ملزم گرفتار اعتراف جرم کرلیا

مقتول نے ملزم کو گودام میں چوری کرتے ہوئے پکڑا تھا اور باندھ کر تشدد کا نشانہ بنایا تھا، جس کا ملزم نے بدلہ لیا

گرفتار ملزم نے اعتراف جرم کرلیا، والد پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہے

قائدآباد پولیس نے 2 دوستوں کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم محمد حسین عرف شینا کو گرفتار کر لیا، جس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔

ایس ایچ او قائد آباد اور قائدآباد انویسٹی گیشن پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لانڈھی گلشن بونیر میں فائرنگ سے قتل کیے جانے والے 2 دوستوں کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم محمد حسین عرف شینا کو گرفتارکر لیا جب کہ اس کے والد مبین پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہیں تاہم ملزم کا بھائی محمد امین تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔

ایس ایچ او قائدآ نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 24 مارچ کی شب تقریباً ساڑھے 10 بجے لانڈھی گلشن بونیر اسپتال چورنگی کے قریب پلاسٹک ( کباڑ ) کے گودام میں 2 افراد عبداللہ ولد فضل الرحمٰن اور عبدالجلیل ولد موسیٰ کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا ، واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 174/2023 مقتول عبد اللہ کے بھائی ابوبکر کی مدعیت میں 25 مارچ 2023 کو 302 ، 109/34 کے تحت قائدآباد تھانے میں درج کر لیا گیا تھا ۔


مدعی نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ واقعے کی شب عبد اللہ اپنے مذکورہ گودام میں 3 کزنز عمران ، عمر ، سلطان اور دوست عبد الجلیل کے ساتھ لڈو کھیل رہا تھا کہ محمد حسین عرف شینا آتشیں اسلحہ کے ساتھ گودام میں داخل ہوا اور فائرنگ کر دی، جس کے نیتجے میں ایک گولی عبداللہ کی کمر، دوسری گولی عبد الجلیل کے پیٹ میں نچلے حصے پر دائیں جانب لگی اور کمر سے نکل گئی ۔

دونوں زخمیوں کو موٹرسائیکل پر اسپتال چورنگی تک لایا گیا اور ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹر نے دونوں کی موت کی تصدیق کردی۔ مدعی ابوبکر کے مطابق مرکزی ملزم محمد حسین عرف شینا نے اپنے والد محمد مبین اوربھائی امین کے ایما پر فائرنگ کر کے دونوں افراد کو قتل کیا ہے ۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل سے چند روز قبل محمد حسین عرف شینا کو عبد اللہ نے اپنے گودام میں چوری کرتے پکڑ لیا تھا اور پھر اسے باندھ کر تشدد کا نشانہ بنا کر چھوڑ دیا تھا، جس کا محمد حسین عرف شینا کو رنج تھا اور اس نے اپنی اسی بے عزتی کا بدلہ لینے کے لیے عبد اللہ پر فائرنگ کی جب کہ عبد الجلیل فائرنگ کی زد میں آکر مارا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم محمد حسین عرف شینا نے اپنا جرم قبول کرتے ہوئے والد اور بھائی کو معاملے سے لا علم قرار دیا۔ ملزم عدالت کے سامنے 164 اقرار جرم کا بیان دینے کے لیے بھی راضی ہے۔ ملزم کے عدالت میں بیان کے بعد ہوسکتا ہے کہ عدالت اس کے والد اور بھائی کو بے قصور قرار دیتے ہوئے بری کر دے۔ مقتول اور ملزم دونوں کا تعلق سوات سے ہے ۔
Load Next Story