سوڈان میں اقوام متحدہ کی بیس پر حملہ 58 افراد ہلاک100 سے زائد زخمی
مشرقی سوڈان میں اقوام متحدہ کی بیس پردہشتگردوں کے حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 58 افراد ہلاک اور100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب 300 سے زائد دہشتگردوں نے اقوام متحدہ کی جانب سے پناہ گزینوں کے لیے قائم بیس پرجدید ہتھیاروں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 58 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے، زخمیوں اور ہلاک ہونے والے میں بچوں اور خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
سوڈان میں اقوام متحدہ کے نمائندہ ڈوبی لینزر کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت بیس میں تقریباً 5 ہزار پناہ گزین موجود تھے جب کہ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 10 حملہ آور بھی مارے گئے۔ حملے کے بعد سوڈان میں قائم اقوام متحدہ کی تمام بیسز کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔