طالبان نے خواتین کے ریڈیواسٹیشن کی نشریات بحال کردیں

ریڈیو انتظامیہ کی جانب سے موسیقی نشر نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے جانے کے بعد نشریات بحال کی گئیں، حکام

فوٹو: انٹرنیٹ

افغانستان میں خواتین کے ریڈیو اسٹیشن ' صدائے بانواں ' کی نشریات ایک ہفتے کی بندش کے بعد بحال کردی گئیں۔

ایک ہفتے قبل طالبان نے رمضان کے دوران موسیقی نشر کرنے کی پاداش میں ' صدائے بانواں' کی نشریات کو بند کردیا تھا۔ دری زبان میں صدائے بانواں کا مطلب ' خواتین کی آواز ' ہے۔

صدائے بانواں کا آغاز دس برس قبل صوبہ درخشاں سے ہوا تھا۔ یہ افغانستان کا واحد ریڈیو اسٹیشن ہے جس کااکثریتی عملہ خواتین پر مشتمل ہے۔ریڈیو اسٹیشن کے آٹھ ملازمین میں سے چھ خواتین ہیں۔

غیرملکی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے بدخشاں میں ڈائریکٹر انفارمیشن اینڈ کلچر معیز الدین احمدی نے کہا کہ ریڈیو انتظامیہ کی جانب سے ملکی قوانین و ضوابط کی پاسداری کی یقین دہانی کرائے جانے کے بعد نشریات بحال کرنے کی اجازت دی گئی۔


ریڈیو اسٹیشن کی منتظم ناجیہ سروش کا کہنا تھا کہ ہم نے محکمہ اطلاعات و ثقافت کو موسیقی نشر نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد نشریات بحال کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

افغانستان جرنلسٹ سیفٹی کمیٹی، جس نے ریڈیو انتظامیہ اور حکام کے درمیان معاملے کو حل کروانے میں اہم کردار ادا کیا، نے ریڈیونشریات کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے۔

 

 
Load Next Story