آئی ایم ایف کا پاکستان کو دوست ممالک سے مالی امداد کے اعلان کا خیر مقدم

حالیہ ملاقاتوں میں پاکستان کی خاطر خواہ مالی اعانت کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا ہے، آئی ایم ایف مشن چیف

فوٹو: فائل

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے اہم دوست ممالک کی طرف سے مالی امداد کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی ایم ایف اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن میٹنگز کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار آن لائن شرکت کررہے ہیں، ان اجلاسوں میں آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام ٹریک پر لانے کیلئے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔


پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کے مشن چیف نیھتن پورٹر کا اہم بیان سامنے آیا ہے جس میں انکا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد اور آئی ایم ایف اسٹاف کی حالیہ ملاقاتوں میں مضبوط پالیسیوں کو برقرار رکھنے اور ان پالیسیوں پر عمل درآمد کی کوششوں میں مدد کیلئے خاطر خواہ مالی اعانت کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف مشن چیف نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف پاکستانی حکام کی ان کوششوں کی حمایت کر رہا ہے، مزید یہ کہ آئی ایم ایف جلد از جلد ضروری مالیاتی یقین دہانیاں حاصل کرنے کا منتظر ہے تاکہ نویں اقتصادی جائزے کی کامیاب تکمیل کی راہ ہموار ہو تاہم آئی ایم ایف مشن چیف کی طرف سے پاکستانی حکام کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدے کی کوئی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔
Load Next Story