کراچی مدرسے میں کمسن بچے پر تشدد کرنے والا قاری گرفتار مقدمہ درج

قاری واصف نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ سبق یاد نہ کرنے پر بچے کو مارا، ایس پی لیاری

قاری نے کہا ہے کہ آئندہ وہ بچوں پر تشدد نہیں کرے گا اور اس نے معافی بھی مانگی ہے، ایس پی لیاری، فوٹو: فائل

لیاری پولیس نے مدرسے میں کمسن بچے کو تشدد کا نشانہ بنانے والے قاری محمد واصف کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

ایس پی لیاری عارف عزیز کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک وڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں نظر آرہا تھا کہ مدرسے کا معلم قاری کمسن بچے کو تشدد کا نشانہ بنارہا ہے جس پر پولیس کو حکم دیا کہ مدرسے کی نشان دہی کرکے قاری کو گرفتار کیا جائے ۔


ایس پی لیاری کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مدرسے سے قاری واصف کو گرفتار کرلیا جس نے تشدد کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ کمسن بچہ کئی دنوں سے سبق یاد نہیں کررہا تھا جس پر غصے میں آکر بچے کو مارا۔

ایس پی عارف عزیز نے مزید بتایا کہ قاری نے کہا ہے کہ آئندہ وہ بچوں پر تشدد نہیں کرے گا اور اس نے معافی بھی مانگی ہے۔
Load Next Story