اسلام آباد میں اخبار کے دفتر میں آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق

جاں بحق شخص پر مرنے سے پہلے تشدد کیا گیا تھا، واقعہ مشکوک ہے اور قتل کا ہوسکتا ہے، پولیس

جاں بحق شخص پر مرنے سے پہلے تشدد کیا گیا تھا، واقعہ مشکوک ہے اور قتل کا ہوسکتا ہے، پولیس

اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں واقع مقامی اخبار کے دفتر میں پراسرار طور پر لگنے والی آگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

پولیس نے معاملے کو مشکوک اور قتل کو چھپانے کی کوشش قرار دے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔

نامعلوم شخص کی لاش بری طرح جھلس گئی جس کی شناخت کے لیے نادرا سے مدد لی جائے گی، اخبار انتظامیہ نے معاملہ مشکوک قرار دے کر تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔


ترجمان ریسکیو 1122 نے بتایا کہ مقامی اخبار کے دفتر میں علی الصبح نامعلوم وجوہات کی بناء پر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر فائر ٹینڈرز اور دیگر امدادی ٹیموں کو موقع پر روانہ کیا گیا۔

فائرفائٹنگ کے بعد اخبار کے دفتر میں ایک شخص کی لاش ملی جو بری طرح جھلس کر جاں بحق ہوچکا تھا، جس پر پولیس کو فوری موقع پر طلب کیا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا تھاکہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ نامعلوم ملزم نے متاثرہ شخص کو تشدد کرکے قتل کرنے کے بعد آگ لگا کر قتل کو حادثے میں تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے، لاش قابل شناخت نہیں۔

لاش کی شناخت کے لیے نادرا سے مدد لی جائے گی، اخبار انتظامیہ نے تھانے میں درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ نامعلوم شخص نے متاثرہ شخص کو اخبار کے دفتر میں بند کرکے آگ لگا کر انتظامیہ کو پھنسانے کی کوشش کی ہے، پولیس نے درخواست وصول کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
Load Next Story