آئین کو ری رائٹ کرنے کا اختیار پارلیمنٹ رکھتی ہے عدلیہ نہیں وزیراعظم
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں کانسیٹیوشن موبائل ایپ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں کہی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئین کی پاس داری کے لیے قومی اور اداروں کو یکجا ہونا ہوگا، آئین نے پارلیمنٹ کی گود سے جنم لیا ہے عدلیہ آئین کی شریح کرسکتی ہے اسے اختیار حاصل ہے لیکن عدلیہ کو یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ آئین کو ری رائٹ کرے یہ اختیار صرف پارلیمنٹ کو حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ صرف یہ ہمارے ہاں ہو بلکہ یہ دنیا بھر کے ممالک کا مسلمہ اصول ہے، دنیا بھر میں کہیں بھی ایسی مثال نہیں ملتی کہ کوئی قانون بننے سے قبل ہی اس پر حکم امتناع جاری کردیا جائے، اس معاملے پر پارلیمنٹ اپنا آئینی حق استعمال کرے گی۔
دریں اثنا وزیراعظم آ فس کے مطابق کانسٹیٹیوشن موبائل ایپ پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی کے تناظر میں جاری کی گئی ہے، موبائل ایپ آئین پاکستان سے روشناس کرانے اور اسے سمجھانے میں مدد کرے گی۔
ایپ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی قیادت میں وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے تیار کی گئی ہے، موبائل ایپ کی تیاری میں نادرا کی جانب سے بھی تعاون کیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کانسٹیٹیوشن موبائل ایپ پاکستان کے آئین کی گولڈن جوبلی کے تناظر میں جاری کی جا رہی ہے، کانسٹیٹیوشن موبائل ایپ وزیرِ اعظم کے ویژن کے تحت پاکستان کے عوام کو آئینِ پاکستان سے روشناس کروانے اور اسے سمجھانے میں ہر شہری کی مدد کرے گی۔
انہوں ںے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم کے ویژن کے تحت پاکستان تک ہر خاص و عام کی رسائی اور اس کی تعلیم عام کرنے کا یہ تاریخی اقدام ہے۔