تاپسی پنو ہدایتکار نیرج پانڈے کی فلم میں سیکرٹ ایجنٹ بنیں گی

شوٹنگ مئی کے آغاز میں شروع ہوگی جوبھارت کے ساتھ ساتھ نیپال اور ترکی کے دارالحکومت استنبول میں بھی کی جائےگی، ہدایتکار

ایکشن فلم کرنا میرا پرانا خواب تھا، اکشے کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر کے خود کو بالی ووڈ میں ترقی کرتے دیکھ رہی ہوں ، تاپسی۔ فوٹو: فائل

''چشم بد دور'' سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے والی سائوتھ فلموں کی اداکارہ تاپسی پنو ہدایتکار نیرج پانڈے کی آنیوالی فلم میں خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار کے ساتھ رومانس کرتی نطر آئیں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز اداکارہ اسٹوڈیو میں گئیں جہاں ان کا اسکرین ٹیسٹ لیاگیا اور انھیں فلم میں ہیروئن کے کردار کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے ۔ اکشے کمار اور تاپسی پنو سیکرٹ ایجنٹ کا کردار اداکریں گے جب کہ فلم کی دوسری ہیروئن جو اکشے کمار کی بیوی کے کردار میں ہوں گی کے لیے ابھی تک کسی اداکارہ کا منتخب نہیں کیا گیاہے ۔ فلم جس کا ابھی نام نہیں رکھا گیا ہے کی شوٹنگ مئی کے آغاز میں ہی شروع کردی جائے گی ہدایتکار کے مطابق فلم کی عکس بندی بھارت کے ساتھ ساتھ نیپال اور ترکی کے دارالحکومت استنبول میں بھی کی جائے گی اور اس کا آغاز مئی میں ہوجائے گا ۔


نیرج پانڈے کی ہدایتکاری میں بنائی جانیوالی یہ تاپسی پنو کی بالی ووڈ میں تیسیر فلم ہوگی جب کہ وہ وہ پہلی مرتبہ اکشے کمار جیسے بڑے اداکار کے ساتھ نظر آئیں گی ۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں ابھی بالی ووڈ کی تیسری فلم میں کام کرنے جارہی ہوں جس میں اکشے کمار جیسے کامیاب اداکار کے ساتھ اپنی پرفارمنس دکھانے کا موقع مل رہا ہے ۔تاپسی پنو جو کسی ایکشن فلم میں کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں کا کہنا ہے کہ کسی ایکشن فلم میں کام کرنا میرا ہمیشہ سے خواب رہا ہے جو نیرج پانڈے کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی اس فلم سے پورا ہونے جارہا ہے میں اس فلم میں ایک سیکرٹ ایجنٹ کا کردار ادا کررہی ہوں جو کافی جاندار ہے اور میں یہ کردار ادا کرکے خود کو بالی ووڈ میں تیزی کے ساتھ ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے دیکھ سکتی ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ کی کئی اداکارائیں اپنی فلموں میں سیکرٹ ایجنٹس کا کردار ادا کررہی ہیں جب کہ کترینہ کیف ان دنوں بھی ایک فلم میں ایسا ہی کردار نبھارہی ہیں مگر میرے لیے یہ کردار کرنا پہلا موقع ہوگا اس کے لیے میں نے تیاری شروع کردی ہے اور ان دنوں ہالی ووڈ میں اس موضع پر بنائی جانیوالی فلموں کو دیکھنے کے علاوہ خواتین پولیس افسران سے ملاقات بھی کررہی ہوں تاکہ اپنے کردار کو احسن طور پر اداکرسکوں۔
Load Next Story