خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

نعت سننا
فرید حسین، سکھر
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں ایک نعتیہ محفل میں شرکت کے لئے اپنے دوست کے ساتھ جاتا ہوں ۔ وہاں بڑے اچھے اچھے نعت خواں تشریف لائے ہوتے ہیں ۔ یہ نعت خواں ہمارے نبیؐ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہوتے ہیں ۔ ان کا کلام بہت اچھا ہوتا ہے۔ میں بھی اس محفل کو سننے کے لئے وہاں ایک کونے میں بیٹھ جاتا ہوں ۔ بہت مزہ آ رہا ہوتا ہے اور میں خوب خشوع و خضوع سے سب سن رہا ہوتا ہوں ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے دین و دنیا میں بھلا ہو گا ۔ آپ کے کاروبار میں ترقی ہو گی جس سے مال و وسائل دونوں میں بہتری آئے گی ۔ دین کے ساتھ وابستگی زیادہ ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں ۔ رات کو سونے سے پہلے حضور کریمؐ کی سیرت مبارکہ کا مطالعہ لازمی کیا کریں ۔

بزرگوں کو شکر قندی دینا
میاں افتخار،شیخوپورہ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گاوں میں ہوں اور میرے دادا جان کے دوست ہمارے لئے شکر قندی لاتے ہیں۔ ہماری چچی سب کے لئے دودھ میں وہ شکر قندی پکا کے لاتی ہیں ۔ ہم سب لوگ بہت مزے سے اس کو کھاتے ہیں۔ اس کا ذائقہ بے حد لذیذ ہوتا ہے ۔ میں اپنی چچی سے کہتا ہوں کہ مجھے زیادہ پیک کر دیں تا کہ میں اپنے ساتھ لے جا سکوں ۔ پھر میں دیکھتا ہوں کہ میں کسی بزرگ کے مزار پہ ہوں اور وہاں ایک بزرگ بیٹھے ہیں، میں ان کی خدمت میں وہ شکرقندی پیش کرتا ہوں تو وہ بہت خوش ہوتے ہیں اور مجھے دعائیں دیتے ہیں۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے بزرگوں سے فیض ملے گا ۔ اور ان کی خدمت کرنے کی بھی سعادت حاصل ہو گی ۔ دین و دنیا دونوں میں کامیابی ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد جاری رکھا کریں ۔کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں ۔

شادی میں شرکت
محمد نواز ، جھنگ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوست کے گھر اس کے چچا کی شادی پہ گیا ہوا ہوں اور ڈھول والوں کے ساتھ خوب ناچ گا رہا ہوں ۔

تعبیر : یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی راز جو آپ نے ابھی تک پوشیدہ رکھا ہوا ہے وہ فاش ہو جائے گا ۔ مقاصد میں گڑ بڑ ہو سکتی ہے جس سے مال و وسائل میں کمی آ سکتی ہے ۔کاروبار میں جن لوگوں پر آپ کو اعتماد تھا وہ بھی آپ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں ۔کاروبار میں عقل سے کام لیں اور منصوبہ بندی کے تحت کاروبار کریں ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔


پرندوں کی آوازیں سننا
ثریا علیم ، ٹھٹھہ
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنی بھابی کے ساتھ ان کی کسی رشتہ دار خاتون کے گھر آئی ہوں اور ان کا گھر دیکھ کر حیران ہوتی ہوں کہ اتنا سرسبز اور پھولوں سے بھرا ہوا گھر ہے ۔ میں ان خاتون سے کہہ کے باغ میں ہی بیٹھ جاتی ہوں جہاں پرندوں کی بہت پیاری آوازیں ہوتی ہیں اور بے حد سرسبز گھاس اور خوبصورت پھول کھلے ہوتے ہیں۔ میں سارا وقت خوشی سے ان کو دیکھتی اور اللہ کی تسبیح ہی بیان کرتی رہتی ہوں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کو راحت و آرام نصیب ہو گا ۔ پریشانیوں سے نجات ملے گی ۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ کوئی خوشخبری ملے۔ کاروبار میں بھی اضافہ ہو گا جس سے گھر میں آرام و سکون ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

گھر میں جوتا تلاش کرنا
نمرہ نذیر، حیدر آباد
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے گھر میں ہوں اور کہیں جانے کے لئے تیار ہو رہی ہوں مگر میرا جوتا نہیں مل رہا ۔ میں بہت پریشان ہوں اور سارا گھر تلاش کرتی پھر رہی ہوں ۔ مگر کہیں کوئی جوتا نظر نہیں آتا ۔ بس اسی تلاش اور پریشانی میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر : یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے گھریلو زندگی میں کوئی مسلہ ہو سکتا ہے جس کی وجہ سے گھر میں پریشانی و نا چاقی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور اور ہر نماز کے بعد استغفار کثرت سے کیا کریں ۔ مراقبہ میں بھی دعا کرا دی جائے گی ۔

دوست پانی پلاتی ہے
سمیرہ علی ، راولپنڈی
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میری ایک کولیگ کچھ بوتلوں میں آب زم زم کی طرح کا کوئی پانی لائی ہیں جو کہ مجھے بھی دیتی ہیں ۔ میں پیتی ہوں تو حیران ہوتی ہوں کہ اتنا میٹھا اور خنک پانی ۔ پھر میں ان کے پاس دوبارہ جاتی ہوں اور دوبارہ ا ن سے درخواست کرتی ہوں کہ مجھے مزید ایک بوتل دے دیں تا کہ میں اپنی والدہ کے لئے بھی گھر لے جا سکوں جس پہ وہ مجھے ایک اور بڑی سی بوتل دیتی ہیں اور میں خوشی خوشی اسے لے کر آ جاتی ہوں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے ہر چیز میں برکت ہو گی ۔اگر بیمار ہیں تو شفا ملے گی۔کاروبار میں بھی بہتری ہو گی جس سے مال و وسائل میں بہتری آئے گی آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد جاری رکھیں ۔
Load Next Story