عمران خان کی خواہش نے پاکستان کو بحران میں دھکیل دیا امریکی جریدے کا انکشاف

قبل از وقت انتخابات کے معاملے میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال مرکزی کردار بن چکے ہیں، بلوم برگ کی رپورٹ

قبل از وقت انتخابات کے معاملے میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال مرکزی کردار بن چکے ہیں، بلوم برگ کی رپورٹ (فوٹو: فائل)

امریکی جریدے بلوم برگ نے رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی قبل از وقت انتخابات کی خواہش نے پاکستان کو آئینی بحران میں دھکیل دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے شائع کیے جانے والے آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی قبل از انتخابات کی خواہش کے باعث پاکستان کو ایک آئینی بحران کا شکار ہورہا ہے جبکہ اس معاملے میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال مرکزی کردار بن چکے ہیں، جنہوں نے سابق وزیراعظم کی جانب سے دو صوبوں کی اسمبلیوں کو تحلیل کیے جانے کے بعد ازخود نوٹس لے کر انتخابات کا حکم جاری کیا مگر وفاقی حکومت چیف جسٹس کی جانب سے اس مداخلت کو قبول کرنے پر تیار نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں وفاقی حکومت نے ازخود نوٹس لینے کے معاملہ پر چیف جسٹس کے اختیارات کو محدود کرنے کیلئے قانون سازی کی ہے جبکہ چیف جسٹس نے 8 رکنی بینچ تشکیل دے کر اس قانون سازی کو مکمل ہونے سے قبل ہی روکنے کا حکم جاری کروایا جس کے بعد چیف جسٹس اور وفاقی حکومت کے درمیان ایک تصادم کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔

مزید پڑھیں: سراج الحق کا پرویز الٰہی کو فون، ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

چیف جسٹس نے ملک کے مرکزی بینک کو الیکشن کیلئے فنڈز جاری کرنے کا بھی حکم دیا جبکہ وفاقی حکومت ایک صوبہ میں الیکشن کیلئے فنڈز مہیا کرنے سے انکار کرچکی ہے۔حکومتی وزراء نے سرِعام عدالتی مداخلت پر تنقید کی ہے جبکہ وہ اکتوبر میں عام انتخابات کی بات کرتے ہیں، عمران خان اور اس کے اتحادی وفاقی حکومت کے اقدامات کو توہینِ عدالت قرار دے رہے ہیں۔


دوسری جانب حالیہ سروے میں معلوم ہوا ہے کہ حالیہ مہنگائی اور بدانتظامی کی وجہ سے وزیراعظم اور ان کی جماعت غیر مقبول ہوتے جا رہے ہیں جبکہ عمران خان کرپشن اور دہشتگردی کے مقدمات میں گرفتاری سے مسلسل بچتے آ رہے ہیں اور ان معاملات میں پولیس کے اقدامات کو سیاسی قرار دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: حکومت نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہیں مانا تو قوم کو سڑکوں پر نکالوں گا، عمران خان

بلوم برگ نے عمران خان کے پاس آپشنز کو بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ الیکشن کمیشن پر عدالتی حکم ماننے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں اور وفاقی حکومت کے خلاف عدالت میں بھی جا سکتے ہیں، وہ ممکنہ طور پر احتجاجی مظاہروں اور ریلیز کا بھی انعقاد کر سکتے ہیں جس سے تشدد کی فضا قائم ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

قبل ازیں عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے بھی تعلقات دوبارہ استوار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ امریکہ کے ساتھ بھی تعلقات قائم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ملٹری اسٹیبلشمنٹ اور امریکہ پر ایک مشترکہ سازش کے تحت انہیں اقتدار سے نکالنے کا الزام بھی عائد کیا تھاجبکہ اسٹیبلشمنٹ اور امریکہ نے ان الزامات کو رد کردیا تھا۔
Load Next Story