پیپلزپارٹی نے ملک میں ایک ہی دن عام انتخابات کیلئے کل کا احتجاج ملتوی کردیا

عوام کی آواز کو نہ سنا گیا تو دوبارہ احتجاج کی تاریخ کا اعلان کریں گے، نثار کھوڑو

فائل فوٹو—

پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک میں ایک ہی دن عام انتخابات کیلئے کل (منگل) کا احتجاج ملتوی کردیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے ایک بیان میں بتایا کہ پیپلز پارٹی اپنے احتجاج کو تحمل کا مظاہرے کرتے ہوئے فی الحال ملتوی کر رہی ہے، ہم عدلیہ سمیت تمام اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عوام کی آواز کو سنا جائے اور ملک میں ایک دن پر انتخابات کروائے جائیں۔


پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر کا مزید کہنا تھا کہ اگر عوام کی آواز کو نہیں سنا گیا تو دوبارہ احتجاج کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا، پاکستان الگ الگ انتخابات کا متحمل نہیں ہوسکتا، الگ الگ انتخابات پاکستان کے سیاسی نظام کو تہس نہس کردیں گے اور الیکشن کی شفافیت پر ہمیشہ کیلئے سوالیہ نشان آجائے گا، اسمبلیوں کی 5 سالہ مدت پوری ہونے پر ایک دن انتخابات ہی سیاسی نظام کو مضبوط کر سکتے ہیں۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے بھی کل کا احتجاج ملتوی کردیا، قائم مقام صدر رانا فاروق سعید نے کہا کہ نئی تاریخ کا اعلان قیادت کے مشورے سے کریں گے، ایک جماعت کے سوا باقی سب جماعتیں ملک بھر میں ایک ہی روز الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ عوامی مطالبات پر غور کرے ورنہ دوبارہ احتجاج کی کال دیں گے، پاکستان میں آئینی، سیاسی اور جمہوری استحکام کیلیے ایک ہی دن الیکشن ناگزیر ہیں۔
Load Next Story