ایف آئی اے نے عمران خان کے سکیورٹی انچارج افتخار گھمن کی گرفتاری ظاہر کردی

ملزم افتخار گھمن ہیومن ٹریفکنگ کے مقدمے میں گزشتہ 22 سال سے مفرور تھا، ایف آئی اے

فوٹو: فائل

ایف آئی اے نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے سکیورٹی انچارج افتخار رسول گھمن کی گرفتاری ظاہر کردی۔

ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افتخار رسول گھمن کو 12 اپریل 2023 کو گرفتار کیا گیا، ملزم افتخار رسول گھمن ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل لاہور میں درج مقدمہ نمبر 291/2001 میں گزشتہ 22 سال سے مفرور تھا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد ملزم افتخار رسول گھمن عدالتی احکامات پر کیمپ جیل لاہور میں ہے ایف آئی اے کے پاس نہیں، اسکے علاوہ ملزم افتخار گھمن ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل لاہور میں درج مقدمہ نمبر 06/2023 میں بھی نامزد ہے۔

دوسری جانب عمران خان نے اپنے سکیورٹی انچارج افتخار رسول گھمن کی ایف آئی اے کی تحویل میں ہونے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میری سکیورٹی کمزور کرنے کیلئے افتخار گھمن کو جان بوجھ کر ہدف بنایا جارہا ہے۔

Load Next Story