مردم شماری میں مزید پانچ دن کی توسیع

فیلڈ ورک میں ’’26 اپریل تا30 اپریل، 2023 تک توسیع کی منظوری دی گئی ہے

فوٹو : فائل

ملک بھر میں ساتویں مردم شماری کے سلسلہ میں مختلف اضلاع میں مردم شماری کے فیلڈ ورک میں مزید پانچ دن کے لیے توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اس حوالے سے فیصلہ پندرہ اپریل کو ہونے والے اجلاس میں کیاگیا جس میں چیف مردم شماری کمشنر،چیف شماریات، پی بی ایس نے شرکت کی۔

اجلا س میں مختلف اضلاع میں مردم شماری کے فیلڈ ورک میں ''26 اپریل تا30 اپریل، 2023 تک توسیع کی منظوری دی گئی۔ مردم شماری کے لئے توسیع دئیے گئے اضلاع میں کوئٹہ ،لاہور ، اسلام آباد،راولپنڈی ،کراچی سنٹرل ،کراچی ساوٴتھ، ویسٹ، ایسٹ، ملیر، کیماڑی، کورنگی،حیدرآباد،گوجرانوالہ ،سیالکوٹ ،جہلم ،گجرات ،شیخوپورہ ،اٹک چکوال،پشاور ،ڈی آئی خان ،ایبٹ آباد ،ٹانک شامل ہیں۔

ان اضلاع،شہروں میں منفی شرح نمو یا انتہائی سست شرح نمو دیکھی گئی اس کے ساتھ ان اضلاع میں تصدیقی عمل کو بھی یقینی بنایاجائے۔


عید کی تعطیلات کے بعد ڈیجیٹل مردم شماری کے فیلڈ آپریشن کا آخری مرحلہ بدھ 26 اپریل 2023ء سے شروع ہو گا۔ ادارہ شماریات کے مطابق پنجاب میں اب تک ،11 کروڑ 60 لاکھ 34 ہزار 900 افراد کوشمارکیا گیا ۔سندھ میں پانچ کروڑاٹھائیس لاکھ ستاون ہزارآٹھ سو ترپن افراد کی گنتی کی گئی۔

ملک بھرمیں اب تک 23 کروڑ53 لاکھ 88 ہزارافراد کی گنتی ہوچکی،شہراقتدار اورراولپنڈی سمیت 19 اضلاع میں مردم شماری کا کام تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔

کراچی،حیدرآباد اورکوئٹہ میں بھی مردم شماری کا کام باقی ہے جبکہ کے پی میں 3 کروڑ 92 لاکھ 43 ہزارسے زائد اوربلوچستان میں ایک کروڑ بانوے لاکھ 55 ہزار 648 افراد کو شمار کیا گیا ہے۔ لاہورمیں ایک کروڑپندرہ لاکھ سے زیادہ افراد کا شمارکیا گیا۔

ادارہ شماریات حکام کے مطابق مردم شماری 30 اپریل تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔عید الفطر کی تعطیلات کے باعث فیلڈ ورک 5 دن کیلئے روک دیا گیا تھا۔
Load Next Story