مبینہ تعلقات پر خاوند نے نئی نویلی دلہن اور کزن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا

پولیس نے لاشیں خاموشی سے مردان لیجاکر غائب کرنے کی کوشش ناکام بنادی، ملزم گرفتار

عرفان اللہ کی شادی چند ہفتے قبل مسماتہ رحیمہ بی بی سے ہوئی تھی ( فوٹو :ایکسپریس)

تھانہ صدر واہ کے علاقے میلاد چوک کے قریب میں دوہرے قتل کی واردات میں خاوند نے نئی نویلی دلہن اور اپنے کزن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

ملزمان دوہرے قتل کے بعد خاموشی سے لاشیں مردان لیجاکرغائب کرنا چاہتے تھے، پولیس نے بروقت حرکت میں آکر کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔


پولیس کے مطابق عرفان اللہ کی شادی چند ہفتے قبل مسماتہ رحیمہ بی بی سے انجام پائی جس کے بعد وہ اپنے خاوند کے ساتھ رہائش پذیر تھی، خاوند کام پر گیا ہوا تھا کہ کسی کام سے گھر آیا تو وہاں اپنے کزن ارشاد کو اہلیہ کے ساتھ پایا اور مبینہ تعلقات کے شاخسانے پر فائرنگ کرکے دونوں کو موقع پر قتل کردیا۔

قتل کے بعد ملزم اور اسکے لواحقین دونوں لاشیں مردان منتقل کرنے کی تیاریوں میں تھے کہ پولیس اور ریسکیو1122 کو اطلاع مل گئی جہنوں موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی اور فرانزک شواہد اکھٹے کرنے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کیا۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کے نوٹس پر پولیس نے چھاپہ مارکر مقتولہ کے خاوند عرفان الله کو گرفتار کرلیا، سی پی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
Load Next Story