راولپنڈی میں فائرنگ سے تحریک انصاف کے رہنما جاں بحق

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کے باعث پیش آیا، سی پی او کا ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم

مقتول احسان ستی کی یادگار تصویر (فوٹو: فائل)

کوٹلی ستیاں کے علاقے میں فائرنگ سے تحریک انصاف کے مقامی رہنما احسان ستی جاں بحق اور انکا ساتھی زخمی ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے مقامی رہنما راجہ احسان ستی گاڑی پر سانٹھ سرولہ سے گزر رہے تھے کہ مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی جس سے راجہ احسان ستی اور جاوید عباسی زخمی ہوگئے۔


پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مضروبین کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راجہ احسان ستی زخموں کہ تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کے باعث پیش آیا۔

سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیکرایس ایچ اوکوٹلی ستیاں کو ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا، انکا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں، ملزمان کو گرفتار کرکے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

 
Load Next Story