ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات

وفد نے مردم شماری میں بے ضابطگیوں پر ایم کیو ایم کا مؤقف تسلیم کرنے پر شکریہ ادا کیا، سیاسی معاملات میں مشاورت پراتفاق

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر سربراہی وفد میں سید مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار شامل تھے

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر سربراہی وفد میں سید مصطفیٰ کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار شامل تھے جب کہ جے یو آئی کے اسلم غوری، مولانا امجد خان، شیخ مولانا انور اور جلال الدین ایڈووکیٹ بھی جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں شامل تھے۔


ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے شہری سندھ بالخصوص کراچی اور حیدرآباد میں ہونے والی مردم شماری میں بے ضابطگیوں پر پارٹی کا مؤقف تسلیم کرنے پر مولانا فضل الرحمٰن کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں جانب سے رہنماؤں نے مستقبل میں مضبوط روابط اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا۔ ملاقات میں ایم کیو ایم اور جے یو آئی کے رہنماؤں کا ملکی سیاسی معاملات پر باہمی مشاورت سے کام کرنے پر اتفاق ہوا۔
Load Next Story