نوازالدین صدیقی افواہوں پر خاموش کیوں رہتے ہیں اداکار نے بتادیا

افواہوں کی وجہ سے متاثرہ شخص ولن بن جاتا ہے یہاں تک کہ سچ سامنے آنے تک اس کا کیریئر ختم ہوچکا ہوتا ہے، نوازالدین صدیقی

[فائل-فوٹو]

معروف اداکار نوازالدین صدیقی بالی ووڈ کے سنجید اداکاروں میں سے ایک ہیں تاہم انہوں نے حال ہی میں خود سے متعلق افواہوں پر خاموش رہنے کی وجہ بتائی ہے۔


بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق افواہوں پر بات کی۔ اداکار کا کہنا تھا کہ ہر شخص اپنے ایک خول میں جی رہا ہے۔


نوازالدین صدیقی گزشتہ کچھ مہینوں سے اپنی ذاتی زندگی کو لے کر خبروں کی زینت بنتے آرہے ہیں۔ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی افواہوں کے بارے میں کچھ نہیں کر سکتا۔ ہر کوئی اپنے خول میں جی رہا ہے۔ لوگ اکثر دوسروں کے دکھ سے لطف اندوز ہوتے رہتے ہیں، لہٰذا وہ افواہوں پر توجہ نہیں دیتے۔


انہوں نے مزید کہا کہ آپ افواہوں کے بارے میں کچھ نہیں کر سکتے۔ پہلے بھی ایسا ہو چکا ہے کہ ایک افواہ کسی نے جان بوجھ کر پھیلائی تاکہ ایک شخص کو 'ولن' بنایا جا سکے۔ جب ایک افواہ پھیلتی ہے تو دوسرے اُس آگ میں ایندھن ڈالنے کا کام کرتے ہیں اور لوگ اس پر یقین کرنے لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ شخص ولن بن جاتا ہے یہاں تک کہ سچ سامنے آنے تک اس کا کیریئر ختم ہو چکا ہوتا ہے۔ ہر کوئی اپنے خول میں ہے، اگر ایک کی پٹ رہی ہے تو سب مزے لیتے ہیں۔



واضح رہے کہ نوازالدین صدیقی اس وقت تنازعات کی زد میں آئے جب ان کی بیوی عالیہ نے الزام لگایا کہ اداکار کی والدہ نے انہیں ہراساں کیا۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ نوازالدین نے ان کے بچوں کو عاق کردیا۔

گزشتہ ماہ ایک عدالت نے نوازالدین صدیقی کے دونوں بچوں شورہ اور یانی کو تعلیم کے لیے دبئی واپس جانے کا حکم دیا تھا جبکہ عالیہ اور نوازالدین صدیقی میں کشیدگی جاری رہی۔

Load Next Story