بگٹی قتل کیس مشرف کی عدم حاضری پر عدالت برہم19مئی کو طلب کر لیا

ضامنوں کی مشرف کوعدالت میں پیش کرنے کی یقین دہانی،ان کی درخواست پر سابق صدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ

ضامنوں کی مشرف کوعدالت میں پیش کرنے کی یقین دہانی،ان کی درخواست پر سابق صدر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی غیرحاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں آئندہ سماعت پر ہر صورت عدالت میں پیش ہونے کے احکام جاری کردیے۔


کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کوئٹہ کے جج طارق انورکاسی نے کی ۔سماعت کے دوران سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب شیر پاؤ،سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب نوشیروانی عدالت میں پیش ہوئے ،عدالت نے پرویز مشرف اور انکے 2 ضامنوں کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے پرویزمشرف کے وکیل سے استفسار کیا جس پر سابق صدر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کراچی کے اسپتال میں زیرعلاج ہیں جبکہ ان کے ضامنوں کوعدالت میں پیش کرنے کے لیے 12 بجے تک کی مہلت دی جائے جس پر عدالت نے مہلت دیتے ہوئے 12 بجے کیس کی سماعت دوبارہ شروع کی تو پرویز مشرف کے 2 ضامن ممتاز اور نذیر حسین عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے ان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ عدالت کی توہین کر رہے ہیں۔پرویز مشرف کے دونوں ضامنوں نے عدالت کو آئندہ سماعت میں پرویز مشرف کو پیش کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے درخواست کی کہ ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جائیں ،کیس کی سماعت 19مئی تک ملتوی کر دی گئی۔سما عت کے بعد سہیل احمد راجپوت نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے کہا کہ پرویز مشرف کے وکلا تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں تاہم انھیں امید ہیں کہ ان کو عدالت سے انصاف ملے گی ۔
Load Next Story