جھنگ سے کامیاب قرار دیئے گئے مولانا احمد لدھیانوی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن معطل

الیکشن ٹریبونل نے ووٹوں کی گنتی کے حوالے سے زمینی حقائق کو نظر انداز کیا، سپریم کورٹ

الیکشن کمیشن دوبارہ سے 3 ماہ کے اندر ووٹوں کی گنتی کے معاملے کا جائزہ لے، سپریم کورٹ۔ فوٹو؛ رائٹرز/فائل

سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کی جانب سے جھنگ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 سے ااہل سنت والجماعت کے رہنما مولانا محمد احمد لدھیانوی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن معطل کر دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے رہنما شیخ محمد اکرم نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی کہ ٹریبونل نے بغیر کوئی وجہ بتائے مولانا محمد احمد لدھیانوی کو فاتح قرار دے دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے جسٹس ظہیر انور جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی اور الیکشن ٹریبونل کے جج جاوید یوسف کی جانب سے اہل سنت والجماعت کے رہنما کی کامیابی اور الیکشن ٹریبونل کے نوٹی فکیشن کو معطل کر دیا ہے۔


سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن ٹریبونل نے ووٹوں کی گنتی کے حوالے سے زمینی حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے یہ فیصلہ دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا ہے کہ وہ دوبارہ سے 3 ماہ کے اندر ووٹوں کی گنتی کے معاملے کا جائزہ لیں۔

واضح رہے کہ الیکشن ٹریبونل فیصل آباد کے جج جاوید یوسف نے 9 اپریل کو مولانا محمد احمد لدھیانوی کی درخواست پر جھنگ سے مسلم لیگ ن کے رہنما محمد اکرم شیخ کی کامیابی کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
Load Next Story