بھارتی وزیر خارجہ کی بدتمیزی پر عمران خان کا بلاول کا دفاع جے شنکر پر تنقید

ہم خیبرپختونخوا میں بھی انتخابات چاہتے ہیں، جلد انتخابی جلسوں کا آغاز کروں گا، چیئرمین پی ٹی آئی کا ریلی سے خطاب

فوٹو اسکرین گریپ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جے شنکر کو مہمان نوازی نہیں آتی، بلاول کو تیاری کے ساتھ جانا چاہیے تھا۔

لاہور کے لکشمی چوک پر پی ٹی آئی کی چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ساتھ اظہار یکجہتی کےلیے نکالی جانے والی ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بھارت جانے سے پہلے بلاول نے کسی سے پوچھا؟ جے شنکر نے جس طرح زبان استعمال کی اس سے اندازہ ہوگیا کہ اُسے مہمان نوازی کے آداب نہیں آتے کیونکہ مہمان کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول کو شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں بھرپور تیار کے ساتھ جانا چاہیے تھا۔ عمران خان نے برطانوی شہزاد سوئم کی تاج پوشی میں وزیر اعظم کی شرکت پر سوال کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف عوام کو مہنگائی کے سیلاب میں چھوڑ کر برطانوی کیا لینے گئے اور کس طرح چلے گئے، ان کا علاج، کاروبار اور بچے سب کچھ باہر ہے اور انہیں پاکستان کے عوام سے کوئی پروا نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی ریلی، دو خواتین سمیت 5 کارکن گرفتار

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے مطابق ملک چلانا چاہتے ہیں، یہ بھیڑ بکریاں سمجھ کر یہ سمجھ رہے ہیں کہ الیکشن نہیں ہوں گے یہ کسی بھول میں ہیں، ساری قوم آئین اور ججوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد انتخابی جلسے شروع کروں گا اور عوام میں نکل کر ججوں کے خلاف مافیا کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کروں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارا بس ایک اور واحد مطالبہ الیکشن ہے، ہم خیبرپختونخوا میں بھی انتخابات چاہتے ہیں، انہوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا جس کی وجہ سے مہنگائی عروج پر ہے۔ کرپٹ حکمرانوں نے مہنگائی بڑھا دی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر الزام عائد کیا کہ حکومت جنرل (ر) باجوہ نے گرائی اور ملک کو ایسا نقصان پہنچایا جو دشمن بھی نہیں پہنچا سکتا۔


عمران خان نے کہا کہ مجھے دو بار مارنے کی کوشش کی گئی اور اس کے پیچھے جنرل فیصل نصیر تھا جس نے اعظم سواتی پر بھی تشدد کیا، اگر مجھے کچھ ہوا تو فیصل نصیر اس کا ذمہ دار ہوگا۔


چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ ساسیت نہیں آزادی کے لیے جہاد کرنا ہے۔ جب تک ملک میں الیکشن نہیں ہوتے باہر نکلتا رہوں گا اور ظلم کا مقابلہ کرتا رہوں گا۔

چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی کے لیے لاہور میں تحریک انصاف کی ریلی عمران خان ریلی کی قیادت کے لیے زمان پارک سے لکشمی چوک تک نکالی گئی جس میں کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے آغاز کے موقع پر عمران خان نے کارکنوں کے نام ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ میں اپنی ریلی کا آغاز کر رہا ہوں، آج آپ جہاں بھی ہیں، آپ کے لیے ضروری ہے آئین سپریم کورٹ اور چیف جسٹس کے لیے گھر سے باہر نکلیں۔



عمران خان کا کہنا تھا کہ آج ایک گھنٹے کے لیے آپ کو ہر صورت میں باہر نکلنا ہے، اگر اس ملک کا آئین ٹوٹ گیا تو ملک ٹوٹ جائے گا، اگر انہوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو آئین ختم ہو جائے گا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اگر ایسا ہو تو اس ملک کا اور آپ کے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔

علاوہ ازیں عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی کارکنان نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور پشاور سمیت مختلف علاقوں میں چیف جسٹس اور سپریم کورٹ سے اظہار یکجہتی کیلیے ریلیاں نکالیں۔
Load Next Story