منفی پروپیگنڈے کرکے فوج کا مورال گرانے کی کوشش کی جارہی ہے چوہدری شجاعت حسین

فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے دشمن كو موقع مل رہا ہے كہ وہ ہمارے اداروں كو بدنام كرے، چوہدری شجاعت

آئی ایس آئی کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈے کا جواب ابھی تک كوئی بھی حكومتی نمائندہ نہیں دے سكا جس سے ایسا لگتا ہے كہ سب گونگے بہرے ہیں، صدر مسلم لیگ (ق) فوٹو: ایکسپریس نیوز

مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈے کرکے اس کا مورال گرانے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ آئی ایس آئی کا دفاع کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔


سینیٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے دشمن كو موقع مل رہا ہے كہ وہ ہمارے اداروں كو بدنام كرے، آئی ایس آئی ایک منظم ادارہ ہے جو كہ صرف وزیر اعظم كو جوابدہ ہے لیکن افسوس کہ اس کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈے کا جواب ابھی تک كوئی بھی حكومتی نمائندہ نہیں دے سكا جس سے ایسا لگتا ہے كہ سب گونگے بہرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج كل ملک میں جو كچھ ہو رہا ہے وہ ایک سوچی سمجھی سازش كے تحت ہو رہا ہے، اپنے ہی اداروں کے خلاف بات کرکے ہم دنیا كو پاکستان کا کونسا چہرہ دکھا رہے ہیں اور اس سے ہندوستان كو بھی باتیں بنانے كا موقع مل گیا لہٰذا حكومت كو ہوش كے ناخن لینے چاہئیں۔

چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے لہٰذا ایک دوسرے كی ٹانگیں كھینچنے كی بجائے سب ادارے كے تحفظ كے لئے نكلیں، ملک میں بدامنی اور بے روزگاری انتہا كو پہنچ گئی ہے لیکن حكومت پرویز مشرف کے كیس كو طول دے رہی ہے۔
Load Next Story