ترکی نے امریکا کی روسی میزائل دفاعی نظام یوکرین بھیجنے کی تجویز مسترد کردی
امریکا نے ترکی کو روسی میزائل دفاعی نظام یوکرین میں استعمال کرنے کی تجویز دی تھی جسے ترکی نے مسترد کردیا ہے۔
عالمی میڈیا نے ترک وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا کہ امریکا نے ترکی میں موجود S-400 روسی میزائل دفاعی نظام یوکرین میں استعمال کرنے کی تجویز دی تھی جسے ترکی نے مسترد کردیا ہے۔
ترک وزیر خارجہ میولوت کیووسگلو نے کہا ہے کہ امریکہ نے ہم سے روسی دفاعی نظام S-400 کو یوکرین بھیجنے کا تھا جس پر ہم نے انکار کردیا تھا کیونکہ یہ تجویز ترکی کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرتی ہے۔
وزیز خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ امریکا نے ترکی کو یہ بھی تجویز پیش کی تھی کہ وہ یوکرین-روس جنگ کے تناظر میں اس میزائل دفاعی نظام کا کنٹرول امریکا یا یوکرین سمیت کسی دوسرے ملک کے حوالے کردے لیکن انقرہ بارہا کہہ چکا ہے کہ ترکی نے S-400 میزائل دفاعی نظام کو قومی سلامتی کیلئے خریدا ہے اور کسی دوسرے ملک کو اس میں مداخلت کا حق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 2017 میں امریکہ سے فضائی دفاعی نظام خریدنے کی طویل کوششیں بے سود ثابت ہونے کے بعد ترکی نے روس کے ساتھ جدید ترین S-400 نظام کے حصول کے لیے معاہدہ کیا تھا۔