سندھ اور جارجیا کو جڑواں ریاستیں قرار دینے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

معاہدے سے دونوں ریاستوں کے مابین کاروبار، تعلیم اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، ریاستی نمائندہ جارجیا

فوٹو: ایکسپریس

سندھ اور جارجیا کو جڑواں بہن ریاستیں قرار دینے کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کردیے گئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ اور جارجیا کو جڑواں بہن ریاستوں کا درجہ دے دیا گیا ہے، اس حوالے سے ریونیو ہاؤس سندھ میں وزیر ریونیو اینڈ ریلیف سندھ مخدوم محبوب زمان اور ریاستی نمائندہ جارجیا فاروق مغل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام دونوں ریاستوں کے درمیان تعلقات میں ترقی کا ذریعہ بنے گا۔

وزیر ریونیو مخدوم محبوب زمان نے کہا کہ جارجیا نے سندھ کو سسٹر اسٹیٹ قرار دیا ہے، اس معاہدے سے امریکا میں مقیم ثقافت سے لگاؤ رکھنے والے افراد کو سندھ کی ثقافت کو جاننے کا موقع اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔


مخدوم محبوب زمان نے کہا کہ اس معاہدے کے تحت سندھ کے کاروباری شخصیات کو جارجیا میں سرمایہ کاری کرنے کے مواقع فراہم ہو سکیں گے، کاروباری شخصیات سمیت دیگر 10 افراد پر مشتمل ایک جوائنٹ ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں تعلیم و صحت سمیت دیگر شعبہ جات کو نوجوان نسل کیلیئے بہتر بنائیں۔

ریاستی نمائندہ جارجیا فاروق مغل نے کہا کہ سندھ کی وہ ضروریات جو جارجیا مہیا کرسکتا ہے وہ جارجیا پوری کرے گا اور جارجیا سندھ کی مدد جب طلب کرے گا تب سندھ تعاون کرے گا، ان تمام بنیادی امور پر بات کی جائے گی جس کے ذریعے سندھ میں کاروباری شخصیات سمیت نوجوان نسل کو مستقبل میں بہتر مواقع فراہم کیے جاسکیں، سندھ اور جارجیا کو جڑواں ریاستیں قرار دینے سے کاروبار، تعلیم اور ثقافتی سرگرمیوں کو عروج ملے گا۔

دریں اثنا امریکا پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ فورم پاکستان کے ڈیولپمنٹ فورم کے چئیرمین ذیشان الطاف، صدر شیخ امتیاز حسین گلوبل سیکریٹری جنرل، سید ناصر وجاہت نے امریکی ریاست جارجیا اور سندھ کو جڑواں ریاستیں قرار دینے پر جارجیا ہاؤس آف نمائندگان کے پہلے پاکستانی مسلم رکن فاروق مغل کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں ریاستوں کے عوام کی زندگیوں میں انقلاب آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا پاک بزنس ڈیولپمنٹ فورم کے قائدین کی مشترکہ کوششوں سے سال 2026 سے پہلے دونوں ریاستوں کو جڑواں ریاستیں قرار دینے کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ اس سے پہلے کیلیفورنیا اور پنجاب کو بھی جڑواں ریاستیں قرار دینے کے لیے کوششیں جاری ہیں جن پر جلد کامیابی حاصل ہوگی اس عمل سے امریکا پاکستان تعلقات میں بہت بہتری آئے گی۔ کاروباری، تعلیمی اور ثقافتی شعبوں کو عروج حاصل ہوگا۔
Load Next Story