متنازع فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کو سنیما گھروں میں دکھانے پر پابندی عائد
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اسلام مخالف فلم 'دی کیرالہ اسٹوری' پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ مغربی بنگال کی حکومت نے فلم دی کیرالہ اسٹوری پر پابندی لگانے کا فیصلہ نفرت اور تشدد کے کسی بھی واقعے سے بچنے اور ریاست میں امن برقرار رکھنے کے لیے کیا ہے۔
تاہم کیرالہ اسٹوری کے فلم ساز نے مغربی بنگال کی حکومت کے اس فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔
کئی شہروں میں فلم نے انتہا پسند ہندوؤں اور مسلمانوں میں اختلافات کو ہوا دے کر صورتحال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔ یہ بھی پڑھیں: شبانہ اعظمی نے اسلام مخالف فلم 'دی کیرالہ اسٹوری' کی حمایت کردی
حیدرآباد اور مغربی بنگال کے کئی سنیما گھروں میں پولیس نے 'دی کیرالہ اسٹوری' کی ریلیز کو رُکوا کر شائقین کو سنیما گھروں سے باہر نکال دیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام مخالف فلم 'دی کیرالہ اسٹوری' کی ریلیز، تامل ناڈو میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری
یاد رہے کہ دی کیرالہ اسٹوری میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کیرالہ سے تقریباً 32 ہزار خواتین گمشدہ ہیں اور یہ خواتین اسلام قبول کرنے کے بعد داعش میں شامل ہوگئی ہیں اور بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔