عمران خان کی مداح ربیعہ کلثوم نے بلاول بھٹو کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے

عمران خان کے بعد کوئی تو ہے جو عالمی پلیٹ فارمز پر مسلمان ہونے اور اسلامو فوبیا پر بات کرنے سے نہیں ڈرتا

ربیعہ کلثوم بلاول بھٹو کی مداح نکلیں؛ فوٹو: فائل

ابھرتی ہوئی اداکارہ ربیعہ کلثوم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی تعریفوں کے پُل باندھ دیے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھارتی شہر گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں شرکت کی تھی اور اسلامو فوبیا سمیت کشمیر جیسے اہم مسئلے پر پاکستان کے مؤقف کو بھرپور انداز میں پیش کیا تھا۔

جس پر سیاست دانوں کے ساتھ ساتھ شوبز سے تعلق رکھنے والے بھی بلاول بھٹو کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔




ربیعہ کلثوم ابھرتی ہوئی اداکارہ اور ماڈل ہیں۔ وہ سیاست میں بھی دلچسپی لیتی ہیں اور گاہے بہ گاہے ملکی سیاست پر پوسٹیں کرتی رہتی ہیں۔ وہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی مداح بھی ہیں۔

سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ربیعہ کلثوم نے انسٹاگرام اسٹوری پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو کی بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت اور بھارتی میڈیا کو لاجواب کرنے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ میں پیپلر پارٹی کی مداح نہیں لیکن بلاول بھٹو کی بھارت میں کی گئی پاکستان کی بھرپور نمائندگی کا اعتراف کرتی ہوں۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ بلاول بھٹو نے میرے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے بھارت سمیت عالمی سطح پر اسلاموفوبیا پر مؤقف بلا جھجھک اور بھرپور انداز سے ویسے پیش کیا جیسا ہر مسلمان اور پاکستانی چاہتا تھا۔

ربیعہ کلثوم نے یہ بھی لکھا کہ عمران خان کے بعد کوئی تو ہے جو مسلمان ہونے اور اسلامو فوبیا کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اتنی دلکشی اور بھرپور انداز سے پیش کرنے سے نہیں ڈرتا۔ ربیعہ کلثوم نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ''اُن کی (بھارت) کانپائیں ٹانگ گئیں''۔

 
Load Next Story