زرداری کا الطاف حسین سے رابطہ حکومت میں شمولیت پر مبارکباد

دونوں جماعتوں میں مفاہمت پاکستان بالخصوص سندھ کے مفاد میں ہے، رہنماؤں کا اتفاق

دونوں جماعتوں میں مفاہمت پاکستان بالخصوص سندھ کے مفاد میں ہے، رہنماؤں کا اتفاق۔ فوٹو : فائل

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف علی زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کو فون متحدہ کی سندھ حکومت میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی ہے۔


الطاف حسین نے بھی آصف زرداری کو دونوں جماعتوں کے مابین مفاہمت پر مبارکباد دی۔دونوں رہنماؤں نے پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے مابین مفاہمت کو نہایت نیک، مثبت اور پاکستان بالخصوص سندھ کے مفاد میں قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی ملک میں جمہوریت کی مضبوطی، کراچی سمیت سندھ بھر میں امن و استحکام، ترقی و خوشحالی کے لیے مل جل کر کام کریں گی۔علاوہ ازیں منگل کو بلاول ہاؤس میں سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی۔

جس میں سیاسی صورت حال ،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق رحمن ملک نے آصف علی زرداری کو ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت سے ہونے والے حتمی مذاکرات سے آگاہ کیا ،آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی مفاہمتی پالیسی پر یقین رکھتی ہے ،دونوں جماعتوں کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن شپ سے جمہوریت مزید مضبوط ہوگی اور عوام کے مسائل حل ہوں گے ۔ قبل ازیں رحمٰن ملک نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ،ملاقات میں سیاسی صورت حال خصوصاً ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے حتمی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Load Next Story