روزویلٹ ہوٹل کو دوبارہ کھولنے کیلیے ’معاہدے‘ پر عملدرآمد کی منظوری

وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں روزویلٹ ہوٹل سے متعلق ایک سمری پیش کی گئی تھی

—فائل فوٹو

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے امریکی شہر نیویار میں روزویلٹ ہوٹل کو دوبارہ کھولنے کے لیے ہوٹل یونین اور نیو یارک سٹی گورنمنٹ کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدے پر عمل درآمد کی منظوری دیدی۔


وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونیوالے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت ہوا بازی نے چیلنجز اور روزویلٹ ہوٹل کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں ایک سمری پیش کی۔

اجلاس میں شرکا کو نیویارک سٹی گورنمنٹ اور ہوٹل یونین کے ساتھ اس کے استعمال کے لیے ایک مناسب معاہدے تک پہنچنے پر کمیٹی کے ذریعے ہونے والے مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔

روزویلٹ ہوٹل کے ایک ہزار 25 کمرے نیویارک سٹی گورنمنٹ کی طرف سے امیگرنٹ ہاؤسنگ بزنس کے لیے 3 سال کی مدت کیلئےلیز پر لینے کے معاملے پر دی جانیوالی بریفنگ کی روشنی میں ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد ہوٹل یونین اور نیو یارک سٹی گورنمنٹ کے ساتھ سیٹلمنٹ معاہدے پر عمل درآمد کی منظوری دیدی۔


ای سی سی نے یونین کے ساتھ سیٹلمنٹ ایگریمنٹ کی شرائط کے مطابق ہوٹل یونین اور سٹی آف نیویارک کے ساتھ روزویلٹ ہوٹل کے زیر التواء قانونی مقدمات واپس لینے پر عملدرآمد کو آگے بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔

ای سی سی نے پی آئی اے ایل کو مزید ہدایت کی کہ وہ قرض کے رول اوور کے سلسلے میں این بی پی کے ساتھ اپنا کاروباری منصوبہ منسلک کرے اور اس کا اشتراک کرے۔ ای سی سی نے مختلف وزارتوں کیلئے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹس کی بھی منظوری دی۔

جس کے تحت انڈس واٹر ٹریٹی کے تحت بھارت کے ساتھ تنازعات کے تصفیہ کے لیے عدالتی مقدمات کی فیس کی ادائیگی کے لیے وزارت آبی وسائل کو 15 کروڑ 30 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ عالمی بینک کے پروگرام کے تحت وزارت تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کیلئے 4 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دیدی ہے۔
Load Next Story