پاکستان موبائل انٹر نیٹ کے نئے دور میں داخل

زونگ،موبی لنک ،یو فون اورٹیلی نارنے تھری جی کی بولی جیت لی جب کہ فور جی کا ایک لائسنس بھی زونگ کے نام

کامیاب بولی دہندہ کو 50 فیصد ادائیگی 30 دن اور بقایا ادائیگی 5 سال میں مساوی قسطوں میں کرنا ہوگی۔

KARACHI:

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کی جانب سے لگائی جانےوالی تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی زونگ،ٹیلی نار،یوفون اور موبی لنک نے جیت لی جبکہ زونگ نے فورجی کا لائسنس بھی حاصل کرلیا۔


اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں تھری جی کے 3 جبکہ فور جی کے 2 لائسنس کی نیلامی کے لیے بولی لگائی گئی جس میں ملک کی 4 سیلولر کمپنیوں نے حصہ لیا جن میں زونگ نے تھری جی کے ساتھ فورجی کا بھی 10 میگاہرٹز کا لائسنس حاصل کرلیا جبکہ موبی لنک نے تھری جی کی 10 ، یوفون اور ٹیلی نار نے 5 میگا ہرٹز کی نیلامی جیت لی۔



تھری جی اسپیکٹرم کے ایک لائسنس کی بنیادی قیمت 29 کروڑ 50 لاکھ ڈالر جبکہ فور جی اسپیکٹرم کے ایک لائسنس کی بنیادی قیمت 21 کروڑ ڈالرز رکھی گئی تھی،مجموعی طور پر پانچ لائسنس ایک ارب 12 کروڑ 80 لاکھ ڈالرمیں فروخت ہوئے جس میں سے فورجی کا ایک لائسنس زونگ نے حاصل کیا جبکہ باقی ایک لائسنس کی نیلامی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔


حکومت کی طرف سے یہ لائسنس 15 سال کی مدت کے لئے جاری کئے جارہے ہیں، 4جی لائسنس کی بولی میں حصہ لینے کے لئے تھری جی لائسنس لینا ضروری ہے، کامیاب بولی دہندہ کو 50 فیصد ادائیگی 30 دن اور بقایا ادائیگی 5 سال میں مساوی قسطوں میں کرنا ہوگی۔


نیلامی کے آغاز سے قبل تمام پارٹیوں نے کم سے کم بنیادی رقم پر اپنی پیش کشیں جمع کرائی جس کے بعد بولی میں حصہ لینے والی کمپنیوں کو مختلف نشانات الاٹ کئے گئے، پیش کش جمع ہونے کے بعد الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے جیتنے والی کمپنیوں کا اعلان کیا گیا۔


اس موقع پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پی ٹی اے نے بولی کو کامیاب بنایا،نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔ ان کا کہنا تھاکہ فورجی کا ایک لائسنس ابھی عوام کی امانت ہے جس کی نیلامی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

Load Next Story