علم ِفلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

15 تا 21 مئی 2023

15 تا 21 مئی 2023

صائم المصطفے صائم
واٹس اپ (0333-8818706)
فیس بک (Saim Almustafa Saim)

برج حمل
سیارہ مریخ ، 21 مارچ تا20اپریل
پیر اور منگل کو گھر کا ماحول گرم ہوسکتا ہے۔ یہاں چاند (ماں) زہرہ (شریکِ حیات) اور مریخ یعنی آپ خود، ان تمام سیاروں میں خراب توانائی نظر آرہی ہے ۔ کوشش کریں کہ اس خرابی کو کسی طرح سنبھال سکیں۔ بدھ اور جمعرات کو مالی فائدہ متوقع ہے۔ جمعے اور ہفتے کو نیا چاند آپ کی آمدن میں بہتری کو ظاہر کررہا ہے کوئی غیر متوقع مالی فائدہ بھی ہوسکتا ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ ، 21اپریل تا 20 مئی
مشتری اس ہفتے آپ کے طالع میں داخل ہورہا ہے۔ ترکہ/تحقیق اور شریکِ بزنس سے فائدہ ہوسکتا ہے۔ یہاں یہ ایک سال کے لیے آیا ہے، آپ کہ صحت کو خاندانی امراض متاثر کرسکتے ہیں۔ ابتدائے ہفتہ کسی قریبی شخص سے تعلق بگڑ سکتا ہے۔ ہفتے کے آخر میں آپ کی شخصیت میں نکھار اور سنجیدگی پیدا ہورہی ہے۔ شریکِ حیات سے تعلق میں خرابی نہ ہونے دیں۔

برج جوزا
سیارہ عطارد ، 21مئی تا 21 جون
آپ کا سیارہ عطارد بارھویں خانے میں سیدھا ہوچکا ہے۔ بیرون ملک سے منسلک کاموں میں بہتری کا امکان پیدا ہورہا ہے۔ زہرہ آپ کی جیب میں آچکا ہے اور چاند شرف میں ہونا والا ہے۔ یہاں نیا چاند بھی طلوع ہوگا اور مشتری بھی داخل ہورہا ہے بیرون ملک سے آمدن /نیا کام یا نیا رشتہ قائم ہوسکتا ہے۔ کوئی پرانا دوست مالی نقصان دے سکتا ہے۔ اس بارے محتاط رہیں۔

برج سرطان
سیارہ قمر ، 22جون تا 23 جولائی
زحل شراکت داری کا نمائندہ خوش بختی کو جگارہا ہے۔ مشتری ایک سال کے لیے آپ کے دوستوں کو بڑھانے کے لیے آگیا ہے۔ آپ کے ساتھ کام کرنے والے لوگ آپ کے دوست بنتے نظر آتے ہیں۔ ان میں سے ایک دوست بڑا دوراندیش اور تیزمزاج لیکن مذہبی ہے، وہ ہمیشہ آپ کے لیے سعد رہا ہے۔ کیریئر سے متعلق جو الجھن کافی دن سے دردِسر بنی ہوئی تھی وہ دور ہونے جارہی ہے۔ کچھ دوستوں کے ساتھ جو غلط فہمی تھی وہ دور ہونے والی ہے۔

برج اسد
سیارہ شمس ، 24جولائی تا 23 اگست
نیا چاند آپ کے کیریئر اور عزت و وقار کے مقام پر طلوع ہورہا ہے۔ چاند بیرون ملک کا نمائندہ ہے اور زہرہ کیریئر کا دونوں ایک دوسرے کے گھر ہیں۔ یہ ایک اچھی تبدیلی اور موقع کے حصول کی نشان دہی کرتا ہے۔ آپ کے مقدر کا سیارہ کافی دنوں سے خراب تھا، اب اس کی خرابی دور ہونے اور خوبی میں بدلنے کا وقت ہے۔ اس ہفتے مالی فائدہ ہونا طے ہے۔ آپ کی جیب کو کئی سیارے سعد روشنی دے رہے ہیں۔

برج سنبلہ

سیارہ عطارد ، 24 اگست تا 23 ستمبر
مشتری آپ کے مقدر کے خانے میں آچکا ہے۔ مشتری آپ کے شراکت اور گھر کا نمائندہ ہے۔ شراکت سے فائدہ ہوسکتا ہے۔ مشتری یہاں ایک سال آپ کو نت نئے مواقع دیتا ہوا نظر آتا ہے۔ بیرون ملک سے منسلک آن لائن کاموں سے فائدہ ہوگا۔ ایسا لگتا ہے یہ ہفتہ آپ کو کسی نئے دور میں داخل کررہا ہے۔ زحل تعلق کے گھر ہے اولاد کی طرف سے فکر اور الجھن رہے گی۔ پسندیدہ شخص سے رشتہ طے ہوسکتا ہے۔

برج میزان
سیارہ زہرہ ، 24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کو اس ہفتے میں وراثت /انشورنس اور تحقیقی کاموں سے فائدہ ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔ گذشتہ کئی ایام سے جاری ازدواجی خرابی اس ہفتے بھی جاری رہ سکتی ہے۔ اگر آپ نے یہ ہفتہ نکال لیا تو امید ہے زیادہ خرابی سے بچ جائیں گے۔ گھر اور اولاد کی طرف سے آپ کو کچھ تکلیف دہ چیزوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔ گھر کرائے پر دے رکھا ہے تو کرائے دار تنگ کرسکتے ہیں۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو ، 24 اکتوبر تا 22 نومبر
ساتویں یعنی شادی کے خانے میں کثرتِ سیارگان اور نیا چاند کا طلوع ہونا بتاتا ہے کہ پسندیدہ رشتہ ہوسکتا ہے۔ مشتری کا یہاں ایک سال کے لیے آنا بتاتا ہے کہ دوسری شادی یا ٹوٹا رشتہ دوبارہ بحال ہوسکتا ہے۔ بزرگوں کی صحت بگڑ سکتی ہے اور اس کا آپ کو گذشتہ کئی دنوں سے سامنا ہوسکتا تھا اور ایسے میں ماتحت کام کرنے والا کوئی شخص پریشانی کا کانٹا چبھوسکتا ہے، محتاط رہیں۔

برج قوس
سیارہ مشتری ، 23 نومبرتا 22 دسمبر
کئی چیزیں اس ہفتے نئی ہونے جارہی ہیں۔ کام میں آپ کی توجہ اور بزنس میں اضافہ ہوسکتا ہے، جو چیزیں خود بخود ہورہی ہیں انہیں قبول کریں۔ اپنی ذہانت کو زیادہ استعمال نہ کریں، کیوںکہ آپ کا مریخ ابھی ٹھیک نہیں ہوا ، کام میں کچھ ایمرجینسی جیسی صورت حال ہوسکتی ہے۔ کچھ کام چلتے چلتے رک سکتے ہیں۔ سمجھ میں نہ آنے والی رکاوٹ ہوسکتی ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل ، 23 دسمبر تا 20 جنوری
ابتدائے ہفتہ بہتر نہیں لگتا ہے ۔ گھر میں بے سکونی اور تو تو میں میں ہوسکتی ہے۔ انا سکون فنا کرسکتی ہے۔ جمعرات سے اولاد کی خوشی یا اولاد سے خوشی مل سکتی ہے۔ رشتہ طے ہوسکتا ہے یا کوئی مہرباں آپ کے دل پر دستک دے سکتا ہے۔ مشتری بیرون ملک کا نمائندہ ہے، ایسا شخص کہ جو آپ کا آشنا نہ تھا محبوب کی نشست پر براجمان ہوسکتا ہے۔

برج دلو
سیارہ یورنیس ، 21 جنوری تا 19 فروری
آپ کے چوتھے خانے میں نیا چاند ابھر رہا ہے۔ مشتری بھی یہیں آچکا ہے۔ نیا مکان مل سکتا ہے یا مکان تبدیل ہوسکتا ہے۔ ایسے وقت رہائش گاہ ایک بہتر جگہ تبدیل ہوسکتی ہے۔ نئی سواری کا بھی حصول ہوسکتا ہے۔ مکان کی تزئیں و آرائش کا بھی سبب بن سکتا ہے یا ضرورت محسوس ہوسکتی ہے۔ الجھے ہوئے خیالات سلجھنے لگیں گے، اور آپ کی راہ میں حائل رکاوٹ دور ہوسکتی ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون ، 20 فروری تا 20 مارچ
آپ کے سفر/تحریر/تقریر، سواری اور رابطوں کے آلات میں نئی جان پڑ رہی ہے۔ نیا سیل، لیپ ٹاپ یا نِئی کتاب لے سکتے ہیں۔ آپ کے خیالات میں وسعت پیدا ہوگی، سفر بڑھیں گے کوئی نیا پڑوسی آسکتا ہے، چھوٹے بہن بھائیوں اور عزیزوں سے تعلق میں بہتری کی امید ہے۔ کسی نیک اور مذہبی شخصیت سے بھی رابطہ دوستی میں تبدیل ہوسکتاہے۔ بچوں کے حوالے سے کوئی الجھن کوئی پریشانی ہوسکتی ہے۔ مالی فائدہ اس ہفتے ہوسکتا ہے۔
Load Next Story