پی ٹی آئی احتجاج میٹرو بس اسٹیشنز کی تباہی سے 14 کروڑ سے زائد کا نقصان

مظاہرین نے توڑ پھوڑ اور آگ لگاکر قیمتی اشیا اور ٹکٹنگ سسٹم ناکارہ بنا دیا، انسپکشن کمیٹی کی رپورٹ کمشنر کو پیش

(فوٹو ویڈیو گریب)

عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کے دوران میٹرو بس کے 4 اسٹیشنز کی تباہی سے 14 کروڑ 50 لاکھ کا نقصان ہوا۔

کمشنر کی انسپکشن کمیٹی کی جانب سے مرتب کی گئی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ نقصان سکستھ روڈ میٹرو اسٹیشن کو پہنچایا گیا جو مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ انسپکشن کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ میٹرو اسٹیشن ختم نبوت، میٹرو اسٹیشن فیض آباد اور میٹرو اسٹیشن کمیٹی چوک کو بھی پی ٹی آئی کے حملہ آوروں نے توڑ پھوڑ اور آگ لگا کر نقصان پہنچایا۔


تباہی کے نتیجے میں ان اسٹیشنز کا نظام متاثر ہوا۔ مظاہرین نےمیٹرو اسٹیشنز کی قیمتی اشیا اور ٹکٹنگ سسٹم ناکارہ بنا دیا۔ حملہ آوروں نے سکستھ روڈ اسٹیشن کو 10 کروڑ سے زیادہ کا نقصان پہنچایا۔ ختم نبوت اسٹیشن کو ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ نقصان ہوا جب کہ فیض آباد اسٹیشن کو 50 لاکھ سے زیادہ نقصان پہنچایا گیا۔کمیٹی چوک اسٹیشن کو ایک کروڑ 15 لاکھ سے زیادہ نقصان ہوا۔

انسپکشن کمیٹی کے کنوینر جمشید آفتاب چیف پلانر آر ڈی اے تھے جب کہ ارکان کمیٹی میں آر ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر اکرم ندیم، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل صنم صدیقی ، کمشنر دفتراور منیجر آپریشن میٹرو بس شمائلہ محسن بھی شامل تھیں۔انسپکشن کمیٹی رپورٹ کمشنر کو پیش کردی گئی ہے۔
Load Next Story