ماہا علی کاظمی نے گلوکار علی نور کو جوابی قانونی نوٹس ارسال کر دیا

علی نور معافی مانگیں ورنہ 10 کروڑ روپے کے ہتک عزت کے دعوے کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں

(فائل فوٹو)

گلوکارہ ماہا علی کاظمی نے گلوکار علی نور کے قانونی نوٹس پر جوابی نوٹس بھیج دیا۔

گلوکارہ ماہا علی کاظمی نے گلوکار علی نور پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا جس پر علی نور نے انہیں ہتک عزت کا قانونی نوٹس ارسال کیا تھا۔

اب گلوکارہ کی جانب سے علی نور کو نوٹس کا جواب بھیجوا دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ علی نور اپنا قانونی نوٹس واپس لے کر گلوکارہ سے معافی مانگیں، ورنہ علی نور پر ہتک عزت کے دعوے سمیت فوجداری مقدمہ بھی دائر کیا جا سکتا ہے۔


جوابی نوٹس میں علی نور کو بتایا گیا ہے کہ ان کے قانونی نوٹس پر وکیل کے دستخط نہیں ہیں جبکہ نوٹس کو ماہا علی کاظمی کے گھر پر بھجوانے کے بجائے صرف سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا گیا اس لیے وہ نوٹس قانونی حیثیت نہیں رکھتا۔

علی نور کے پاس ابھی بھی وقت ہے وہ جلد گلوکارہ سے معافی مانگیں ورنہ دوسری صورت میں وہ 10 کروڑ روپے کے ہتک عزت کے دعوے کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلوکارہ ماہا علی کاظمی نے گلوکار علی نور پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کر دیا

خیال رہے کہ گلوکار و موسیقار علی نور نے 20 اپریل کو ماہا علی کاظمی کی جانب سے سنگین الزامات لگائے جانے پر قانونی نوٹس سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔
Load Next Story