32 سالوں میں 178 سرکاری اداروں کی پرائیویٹائزیشن کی گئی وزارت نجکاری

پرائیویٹائز کیے گئے اداروں کی مجموعی مالیت 6 کھرب 49 ارب 11 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے

فوٹو: فائل

1991 سے لے کر اب تک 178 سرکاری اداروں کی نجکاری کی جاچکی ہے جن کی مجموعی مالیت ساڑھے 6 کھرب روپے ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں وزارت نجکاری کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 1991 سے لے کر اب تک، 32 سال میں 178 ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جاچکی ہے جن کی مجموعی مالیت چھ کھرب 49 ارب گیارہ کروڑ چالیس لاکھ روپے بنتی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس جمعرات کو کمیٹی کے چیئرمین سینٹر شمیم آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر سید محمد صابر شاہ، سینیٹر انور لال دین، سینیٹر مولوی فیض محمد، سینیٹر عمر فاروق اور وزارت نجکاری کے سینئر افسران کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے جبکہ وفاقی وزیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن عابد حسین بھیو بھی موجود تھے۔

اجلاس میں وزارت نجکاری کی طرف سے کنونشن سینٹر اسلام آباد کی نجکاری کے حوالے سے بریفنگ کے علاوہ جن حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی ٹرانزیکشن مکمل نہیں ہوسکی ان کے بارے میں تفصیلات سے کمیٹی کو آگاہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کی ملکیتی دو عمارتوں میں سے ایک کی نیلامی کے ساتھ ساتھ وزارت نجکاری کی جانب سے کنونشن سینٹر (جے سی سی) اسلام آباد کی نجکاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔


اس موقع پر کمیٹی نے ہدایت کی کہ کنونشن سنٹر سے متعلق کابینہ ڈویژن میں ہونے والے اجلاس کی تفصیلات کمیٹی کو جمع کروائی جائیں، وزارت نجکاری کی جانب سے کمیٹی کو بتایا گیاکہ کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لینے کیلیے کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزارت پر زور دیا گیا کہ وہ تمام سفارشات کو جلد از جلد نافذ کرے۔

وزارت نجکاری نے مزید انکشاف کیا کہ یہ جائیداد سی ڈی اے کی نہیں تھی اور وزارت داخلہ کو فروخت کی گئی تھی۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں وزارت داخلہ کو طلب کیا جائے۔

وفاقی وزیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن عابد حسین بھیو نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ کسی بھی سرکاری املاک کے حوالے سے کوئی بات چیت چھپائی نہیں جائے گی اور کمیٹی کو وزارت کی تمام سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ کمیٹی کی جانب سے جے سی سی کی نجکاری کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے سخت سفارشات کی گئی تھیں اس لیے وزارت اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے اور فنڈز پیدا کرنے کے متبادل طریقے وضع کر رہی ہے۔

پرائیویٹائزڈ حکومتی اداروں کے عمل کو مکمل نہ کرنے پر بحث کرتے ہوئے کمیٹی کو بتایا گیا کہ 1991 سے اب تک پی سی نے چھ کھرب 49 ارب گیارہ کروڑ چالیس لاکھ روپے مالیت کے 178 اداروں کی نجکاری کی ہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کی دو عمارتوں میں سے ایک کی نیلامی کے حوالے سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ یہ معاملہ دفتر خارجہ سے متعلق ہے جس پر فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی آئندہ اجلاس میں وزارت خارجہ کے نمائندوں کو تفصیلی بریفنگ کے لیے طلب کرے گی۔
Load Next Story