نیویارک ٹرک حملے میں ملوث شخص کو 260 برس قید کی سزا

عدالت نے ٹرک حملے کے ذمہ دار کو پھانسی دینے کی درخواست مسترد کردی تھی

نیویارک میں 2017 میں ٹرک چڑھائے جانے کے واقعے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے:فوٹو:اے پی:فائل

امریکی شہر نیویارک میں ہجوم پر ٹرک چڑھانے والے ملزم کو 260 برس قید کی سزا سنا دی گئی۔


غیرملکی میڈیا کے مطابق مجرم سیف اللہ سیپوف کو 10 مرتبہ قید کی سزا سنائی گئی جن میں سے 8 پر بیک وقت عمل ہوگا۔ مجموعی طور پر مجرم سیف اللہ 260 سال قید میں رہے گا اور اسے کبھی رہا نہیں کیا جائے گا۔ سیف اللہ سیپوف نے 2017 میں نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں راہ گیروں پر ٹرک چڑھا دیا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق سیف اللہ کو ریاست کولوراڈو کی ایک محفوظ ترین جیل 'سپر میکس' میں رکھا جائے گا جہاں قیدی اپنے سیل میں دن میں 23 گھنٹے گزارتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مجرم سیف اللہ داعش سے متاثر ہے اور اس کا رکن بننے کے لیے یہ جرم کیا۔
Load Next Story