عسکری تنصیبات پر حملے کرنے والے ملک دشمن ہیں وزیر دفاع

پاکستان میں سیاسی بحران ضرور ہے لیکن بہت جلد اس پر قابو پا لیا جائے گا، خواجہ آصف

(فوٹو : فائل)

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اور آئندہ چند دنوں میں حالات معمول پر ہوں گے اور عام انتخابات اکتوبر میں اپنے وقت پر ہوں گے۔

عالمی نشریاتی ادارے ''الجزیرہ'' سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی بحران ضرور ہے لیکن بہت جلد اس پر قابو پا لیا جائے گا جبکہ شہروں میں امن بحال ہو چکا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کو راولپنڈی، میانوالی اور لاہور میں پرتشدد واقعات کے دوران پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے عسکری تنصیبات پر حملے کیے۔


وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان میں اس سے پہلے بھی گرفتاریاں ہوتی رہی ہیں اور میں بھی گرفتار ہوا تھا، میرا لیڈر اور میری سیاسی پارٹی کے کئی لوگ گرفتار ہوئے تھے لیکن ہم نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی، ہم نے گرفتاریوں پر کبھی عسکری و سول تنصیبات پر حملے نہیں کیے۔

انہوں نے کہا کہ عسکری و سول تنصیبات پر حملے کرنے والے ملک دشمن ہیں، ہمارے سیاسی اختلافات ضرور ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ سرکاری و عوامی املاک پر حملے کیے جائیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت عسکری تنصیبات سمیت عوامی و سرکاری املاک پر حملے کیے اور ایسا عمل پاکستان کے خلاف جنگ کے مترادف ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے عسکری تنصیبات، ملٹری بیسز اور عسکری شخصیات کی رہائش گاہوں پر حملے کیے، ان کے ٹرائل آئین میں دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق ملٹری کورٹس کے تحت ہوں گے۔ ہم نئی عدالتیں اور نئے قوانین نہیں بنا رہے کیونکہ پہلے سے قوانین موجود ہیں، ایسے ملزمان کے پاس ہائی کورٹس اور پھر سپریم کورٹ میں اپیل کا حق ہوگا۔
Load Next Story