نیب 48 ہزار روپے کا بینک اکاؤنٹ منجمد کروانے سپریم کورٹ پہنچ گیا

یہ کیسا مذاق ہے؟ نیب صرف 48 ہزار کے پیچھے پڑا ہوا ہے، 48 کروڑ ہوتے تو بات بھی تھی، چیف جسٹس کا اظہار برہمی

(فوٹو : فائل)

نیب 48 ہزار روپے کے بینک اکاؤنٹ کو فریز (منجمد) کروانے کے لیے سپریم کورٹ پہنچ گیا۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ملزم کے اکاؤنٹس میں کتنی رقم ہے جو فریز کرنی ہے؟، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ 48ہزار 674روپے کے بینک اکاؤنٹ کے فریزنگ آرڈر درکار ہیں۔


چیف جسٹس نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسا مذاق ہے ؟۔ نیب اس وقت اختیار کا غلط استعمال کر رہا ہے۔ نیب کو ایک اختیار مل گیا ہے، جسے ہر جگہ استعمال کررہا ہے۔ نیب صرف 48ہزار روپے کے پیچھے پڑا ہوا ہے، 48کروڑ ہوتے تو بات بھی تھی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ نیب فیئر نہیں ہے۔ نیب کو ایسی درخواست دائر نہیں کرنی چاہیے تھی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے اظہار برہمی کیے جانے کے بعد نیب نے درخواست واپس لے لی۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست واپس لینے پر بنیاد پر کیس نمٹا دیا ۔
Load Next Story