شاہ محمود قریشی اور مسرت جمشید چیمہ اڈیالہ جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار

پارٹی میں تھا، ہوں اور رہوں گا، سابق وزیر خارجہ

فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی اور مسرت جمشید چیمہ کو اڈیالہ جیل سے رہا ہونے کے بعد باہر آتے ہی دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی رہائی کے بعد جیسے ہی اڈیالہ جیل سے باہر آئے تو پنجاب پولیس کی نفری انہیں دوبارہ گرفتار کرنے پہنچ گئی۔

جیل کے باہر موجود میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے تحریک انصاف سے علیحدگی کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں تھا، ہوں اور رہوں گا۔


شاہ محمود قریشی کی بیٹی نے پولیس سے اپنے والد سے ملاقات کی درخواست کی جس پر پولیس بیٹی سے ایک منٹ کی ملاقات کرانے کے بعد شاہ محمود قریشی کو لے کر روانہ ہوگئی، شاہ محمود قریشی نے اپنی بیٹی کو روزمرّہ کی اشیاء لانے کی بھی تاکید کردی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس نے شاہ محمود قریشی کو 11 مئی کو اسلام آباد سے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا تھا۔

دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کو تھری ایم پی او کے تحت مزید 15 دن کے لیے نظر بند کردیا گیا ہے جس کا ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
Load Next Story