ہم نے اور چشم فلک نے 9 مئی جیسے واقعات کبھی نہیں دیکھے وزیراعظم

چاہے میں بھی سفارش کروں 9 مئی کے کسی ذمہ دار کو نہیں چھوڑا جائے گا، شہباز شریف

تحریک انصاف کے شرپسندوں نے 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی ان کے لئے کوئی معافی نہیں، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کیا ہے کہ ہم نے اور چشم فلک نے 9 مئی جیسے واقعات کبھی نہیں دیکھے، جنہوں نے ظالمانہ قدم اٹھایا وہ چھپ نہیں پائیں گے انہیں سزا ملے گی، شہدا کے بچوں کو یوتھ اور زرعی قرضے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

جناح کنونشن سینٹر میں تحفظ شہداءکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہدا کے لہو کی بدولت آج پاکستان موجود ہے، سپوتوں نے ملک کے لیے جانیں قربان کیں، شہدا نے اپنی جانیں دے کر اپنے بچوں کو یتیم کر کے ہمارے بچوں کو یتیمی سے بچا لیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم سکون، چین کی نیند سوتی ہے تو یہ عظیم سپوتوں کے لہو کی زکوۃ ہے، لاکھوں شہیدوں کے لہو کی بدولت کاروبار چل رہا ہے، کھیتیاں لہرا رہی ہیں، یہ شہدا کسی ایک جماعت یا مسلک کے نہیں ہیں، شہدا کا احترام 23 کروڑ عوام کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کنونشن کا تقاضہ ہے کہ شہدا کو قیامت تک یاد رکھیں، شہیدوں کی عظمت ہمیشہ قائم و دائم رہے گی، شہدا نے جواں مردی سے ہر حالات کا مقابلہ کیا، نو مئی کو ملک میں درندگی ہوئی اور پاکستان کی تاریخ میں المناک ترین واقعہ پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ گرفتاریوں سے بھری پڑی ہے، کیا کبھی کسی نے گرفتاری پر گملا تک توڑا، اپنے دور میں انہوں نے پوری اپوزیشن کو دیوار سے لگایا، سب نے جبر برداشت کیا مگر کبھی حملے کا نہیں سوچا، کرپشن کے مقدمے میں عمران نیازی کی گرفتاری ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی نے جتھوں کو پیغام دیا کہ میری گرفتاری پر فلاں فلاں مقامات پر حملہ کرنا ہے، ایک سوال کا جواب پوری قوم مانگتی ہے کہ گرفتاری پر جناح ہاؤس کو کیوں نشانہ بنایا گیا، چند سال پہلے قائد اعظم ریزیڈینسی اور جی ایچ کیو پر حملہ ہوا اور پھر نو مئی کو جناح ہاؤس، جی ایچ کیو پر دوبارہ حملہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ان چبھتے سوالات کا جواب پوری قوم مانگتی ہے، سیاسی کارکن اپنے لیڈر کی گرفتاری پر احتجاج کرتے ہیں ہنگامہ آرائی نہیں، کسی نے کبھی پاکستان کے جھنڈے پر آنچ نہیں آنے دی، کبھی کسی نے شہیدوں کے مجسموں کو تباہ نہیں کیا۔

 

'9 مئی کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے، خود کو بری الذمہ نہیں کرسکتا'

وزیراعظم شہباز شریف نے کیا ہے کہ تحریک انصاف کے شرپسندوں نے 9 مئی کو ریڈ لائن کراس کی ان کے لئے کوئی معافی نہیں۔


انہوں نے کہا کہ چاہے میں بھی سفارش کروں کسی گناہ گار کو چھوڑا نہیں جائے گا اور کسی بے گناہ کو سزا نہیں دی جائے گی ۔شہداءہمارے ہیرو ہیں اور ان کی تکریم پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں اس کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ کیونکہ آج ہم شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں ،یہ وہ شہداءہیں جنہوں نے پاکستان کی مٹی اور اس وطن کے دفاع کے لئے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،لہو سے اس کی آبیاری کی ، اور ہم شہداءکو کبھی نہیں بھول سکتے ،یہ ہمارا اثاثہ اور قومی ہیروز ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ،قانون نافذ کرنے والے ادارے، پولیس ،سیکورٹی ایجنسیز کے افسران اور جوانوں نے اس ملک کے لئے قربانیاں دیں۔ 86 ہزار سے زائد قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن و استحکام آیا مگر جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ کبھی نہیں بھلایا جا سکتا ،یہ ہمیشہ ایک سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائیگا۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ تحریک انصاف کے شرپسندوں اور ا سکے سربراہ عمران خان نے جس طرح لوگوں کو مشتعل کیا سب کچھ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا جس کا ماسٹر مائنڈ عمران خان تھا وہ خود کو بری الزمہ قرار نہیں دے سکتا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی جماعت کیا ایسا کر سکتی ہے کہ گرفتاری کی صورت میں ریاست پر حملہ کر دے،جب یہ حکومت میں آیا تو اس نے پوری اپوزیشن کو جیلوں میں ڈال دیا ہم نے کوئی گڑ بڑ نہیں کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ گرفتاریاں دے دیں ،جیلوں میں چلے گئے ،توڑ پھوڑ نہیں کی ،ریاستی اور دفاعی اداروں کو نقصان نہیں پہنچایا ،ذوالفقار علی بھٹو کوپھانسی ہوئی ،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوگئیں، نواز شریف کو جلا وطن کیا گیا پھر دوبارہ ان کی حکومت ختم کر دی گئی مگر کسی سیاسی جماعت نے اپنے ملک کو یا اس کے جھنڈے کو نقصان نہیں پہنچایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان جس دن گرفتار ہوتا ہے جلاﺅ گھیراﺅ اوردفاعی و فوجی تنصیبات پر اس کے شرپسند حملہ آور ہوتے ہیں جن کو قانون کے کٹہرے میں لایا جارہا ہے ان کے لئے کوئی معافی نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ناقابل معافی جرم اور ریاست پر حملہ ہے ،ریاست کمزور نہیں ،شہیدوں کی تصاویر اور یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی ، سوچیں ان شہیدوں کے ورثاءاور لواحقین پر کیا گزرتی ہوگی۔

وزیر اعظم نے واضح کیا کہ کوئی بھی گناہ گار بچے گا نہیں اور کسی بے گناہ کو ہم پکڑیں گے نہیں ،ایسے لوگوں کے لئے سخت قوانین کے تحت کارروائی کریں گے تا کہ آئندہ کسی کو جرات نہ ہو۔

اس موقع پر وفاقی وزراءامین الحق اور شیری رحمان نے بھی خطاب کیا اور وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو کسی صورت نہ چھوڑا جائے ،ریاست پر حملہ آور کسی صورت محب وطن نہیں ہو سکتا جن لوگوں نے یہ کیا انہیں کٹہرے میں لایا جانا بہت ضروری ہے۔
Load Next Story