قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مافیا کیخلاف ملک گیر کریک ڈاؤن شروع

مافیا ناجائز ٹیکس کریڈٹ اور سیلز ٹیکس کی جعلی، فلائنگ انوائسز کے ذریعے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے میں مصروف

12 ارب روپے کے ریونیو کا نقصان پہنچانے میں ملوث مشتبہ کاروباری افراد کے خلاف 2 مقدمات درج۔ فوٹو: فائل

ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے ٹیکس ادائیگی کے بغیر منظم شعبوں کے لیے اربوں روپے مالیت کے ناجائز ٹیکس کریڈٹ اور سیلز ٹیکس کی جعلی، فلائنگ انوائسز کے ذریعے قومی خزانے کو بھاری نقصانات پہنچانے والے مافیا کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے میں ڈائریکٹوریٹ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن آئی آر کراچی نے 12 ارب روپے کے ریونیو کا نقصان پہنچانے میں ملوث مشتبہ کاروباری افراد کے خلاف دو مقدمات درج کرلیے ہیں۔

مختلف افراد کی نگرانی اور تحقیقات کے بعد ایک مقدمے میں ملوث بنیادی ملزم کو گرفتار کرکے اسپیشل جج (کسٹم اینڈ ٹیکسیشن) کراچی کی عدالت میں پیش کرکے ملزم کا سات روزہ ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے، گرفتار شخص سے کی جانے والی تفتیش اور اس کی نشاندہی پر ڈائریکٹوریٹ کی ایک ٹیم نے عدالتی سرچ وارنٹ کے تحت کراچی کے ایک پوش علاقے میں ایک ٹیکس کنسلٹنٹ وکیل کے دفتر کی تلاشی لی۔

یہ بھی پڑھیں: مس انوائسنگ سے منی لانڈرنگ زرمبادلہ باہر بھجوانے کا انکشاف


گرفتار ملزم سے تفتیش کے دوران انکشاف ہوا تھا کہ مذکورہ پتے سے جعلی فلائنگ انوائسز جاری کرنے اور مختلف فرموں کے ڈمی/بوگس سیلز ٹیکس ریٹرن داخل کرائے جاتے ہیں، مذکورہ ٹیکس کنسلٹنٹ وکیل کے دفتر کی تلاشی کے دوران، اہم ریکارڈ/ شواہد بشمول مختلف فرموں کی پہلے سے لکھی ہوئی خالی/غیر دستخط شدہ چیک بک، مختلف کمپنیوں کی بڑی تعداد میں ربڑ اسٹیمپس، بھاری نقد رقم کی بینک ڈپازٹ سلپس، سیلز ٹیکس ریٹرن اور اس میں ملوث فرموں کی رسیدیں لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کے ساتھ ہارڈ کاپیوں اور سافٹ ڈیٹا کی شکل میں جعلی فلائنگ انوائسز برآمد ہوئے۔


ذرائع نے بتایا کہ تلاشی کے دوران ایک اور مشتبہ شخص جو پہلے سے گرفتار ملزمان کے ساتھ رابطے میں تھا اور جعلی/فلائنگ انوائسز کی سپلائی چین میں جعلی/ناقابل قبول ٹیکس کریڈٹ کلیم کرنے کے جرم میں ملوث تھا کو بھی حراست میں لے لیا گیاہے۔ بعدازاں دوسرے ملزم کو بھی عدالت میں پیش کرکے پانچ روزہ ریمانڈ حاصل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایکسپورٹرز کا منی لانڈرنگ کے لیے برآمدی اشیاء کی انڈر انوائسنگ کا انکشاف

گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملک بھر کے بڑے کاروباری اداروں اور لمیٹڈ کمپنیوں نے بھی اس فراڈ کا فائدہ اٹھایا ہے، پنجاب کے مختلف شہروں خاص طور پر فیصل آباد سے IRIS سسٹم پر فائل کیا گیا، جس سے قومی خزانے میں ایک پیسہ بھی ادا کیے بغیر منظم کاروباری شعبوں کے لیے اربوں روپے کا ناجائز ٹیکس کریڈٹ بنایا گیا، کمپیوٹر ڈیٹا کا فرانزک تجزیہ بھی جاری ہے جس سے اس اسکینڈل میں ملوث دیگر مجرموں کے کردار کا مزید پتہ چل سکے گا۔

ڈائریکٹوریٹ نے جعلی/فلائنگ انوائس مافیا کے خلاف زیرو ٹالرینس کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کاروبار کرنے والوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں اور خود کو بے ایمان عناصر سے دور رکھیں کیونکہ جعلی فلائنگ انوائسز کے کاروبار میں ملوث کسی فرد کو بھی اس ملک گیر کریک ڈاؤن میں رعایت نہیں دی جائے گی۔
Load Next Story