منسوخ شدہ پرائز بانڈز کو کیش کرانے کی تاریخ میں توسیع

پرائز بانڈز کوایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے کیش کرایا جا سکتا ہے

فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے عوام الناس کی سہولت کے لیے 7,500 روپے، 15,000 روپے، 25,000 روپے اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز کا تبادلہ /نقد ( کیش) کرانے کا ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کردی ہے۔

قبل ازیں حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30 جون 2022ء کی تاریخ مقرر کی تھی ، تاہم جو لوگ مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل نہیں کر اسکے انہیں آخری موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کر دی گئی ہے۔

مذکورہ پرائز بانڈز کے سرمایہ کاروں کو انہیں نقد کرانے یا تبادلے کے لیے درج ذیل آپشنز دیے گئے ہیں:
الف۔ ظاہری مالیت پر نقد کرانا۔

ب۔ ان بانڈز کی 25,000 روپے اور/یا 40,000 روپے کے پریمیم پرائز بانڈز (رجسٹرڈ) میں منتقلی۔
ج۔ انہیں اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلنا۔
ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023ء تک کیا جا سکتا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے اس ضمن میں کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ یہ بانڈزرکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز کو 30 جون 2023ء سے قبل تبدیل کرا لیں۔

مرکزی بینک کے مطابق توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گا اور یہ قابل استعمال نہیں رہیں گے۔
Load Next Story