موجودہ حالات میں ملک میں ایک مرتبہ پھر مارشل لا آسکتا ہے امیر جماعت اسلامی

پرویز مشرف اور وفاق کے درمیان ایک نیا این آر او طے ہونے جارہا ہے، سراج الحق

مذاکرات کی کامیابی کے لئے فوج کی اس میں شمولیت بہت ضروری ہے۔ سراج الحق فوٹو: فائل

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک شدید بحرانوں کا شکار ہے اس صورتحال میں ملک میں ایک مرتبہ پھر مارشل لا نافذ ہوسکتا ہے۔


لوئر دیر کے علاقے بلامبٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے اور امن کے مراکز ہیں لیکن مغربی قوتیں مدارس کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈا کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے جیو کے معاملے پر اپنا کردار ادا کرے بصورت دیگر ملک کو سنگین کو نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے نہیں کئے گئے۔ ملک شدید بحرانوں کا شکار ہے اور یہاں بدامنی اور بے روزگاری عروج پر ہے۔ پرویز مشرف جلد ہی بیرون ملک چلے جائیں گے اس سلسلے میں وفاق اور سابق صدر کے درمیان ایک نیا این آر او طے ہونے جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے قیام کے لئے مذاکرات ضروری ہیں۔ مذاکرات کے آغاز کے بعد خیبر پختونخوا میں امن بحال ہوا ہے، مذاکرات کی کامیابی کے لئے فوج کی اس میں شمولیت بہت ضروری ہے۔
Load Next Story