گڈاپ ٹاؤن میں پولیو وائرس سے بچہ معذورہوگیا شہر میں رواں سال چوتھے پولیو کیس کی تصدیق

7 ماہ کاعمران والدین کے ہمراہ جنوبی پنجاب سے کراچی منتقل ہواتھا،پولیو وائرس کی تصدیق اسلام آباد کی لیبارٹری نے کی

بچے کو پولیو ویکسین کے قطرے نہیں پلائے گئے تھے۔ فوٹو: فائل

NEW YORK:
کراچی کے علاقے گڈاپ ٹائون میں ایک اور بچہ پولیووائرس کاشکار ہوگیا،متاثرہ بچے کی عمر7ماہ بتائی گئی ہے متاثرہ بچہ عمران اپنے والدین کے ہمراہ جنوبی پنجاب سے کراچی منتقل ہوا تھا۔


اس کے والدین نے اپنے بچے کو پولیو وائرس سے بچاؤکی حفاظتی خوراک نہیں پلائی تھی، متاثرہ بچہ عمران گڈاپ یو سی4، مچھرکالونی کا رہائشی ہے،عمران میں پولیو وائرس کی تصدیق اسلام آبادکی لیبارٹری نے کی ہے، بچے کے دونوں ہاتھ اوردونوں ٹانگیں معذور بتائی گئی ہیں جبکہ پولیو وائرس میں عام طور پر ٹانگیں معذور ہوتی ہیں تاہم نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی لیبارٹری نے عمران کے پولیو وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے، معاملے کی اطلاع پر ٹاؤن ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالشکورعباسی، ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی،ای ڈی او ہیلتھ کراچی ڈاکٹر ظفر اعجاز نے متاثرہ بچے کا معائنہ کیا ہے، واضح رہے کہ گڈاپ ٹاؤن میںگزشتہ ماہ ایک بچی بھی پولیو وائرس کا شکار ہوگئی تھی،گڈاپ ٹاؤن کی بیشتر یونین کونسلوں میں پولیو رضاکاروںکو انسداد پولیو مہم کے دوران شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے۔

دریں اثنا کراچی میں ابتدائی 4 ماہ کے دوران 4 پولیوکیسوںکی تصدیق کی جاچکی ہے جبکہ ملک بھر میں پولیوکیسوں کی تعداد 54 ہوگئی ہے جس پر ماہرین طب نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں پولیووائرس موجود ہے جو تباہی مچارہا ہے جبکہ عالمی اداروں نے بھی اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ کراچی میں پولیو وائرس پھیلنے کے واضح امکانات ہیں، عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھرمیں پولیووائرس صرف 3 ملکوں میں موجود ہے جس میں پاکستان سرِفہرست ہے، پاکستان میں مسلسل پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے مقامات میں پشاور، فاٹا اورکراچی شامل ہیں ان مقامات سے پولیو وائرس ملک بھر میں پھیل سکتا ہے عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے پاکستان میں پولیوکے 5 نئے کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔
Load Next Story