لوئر دیر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں مسافر گاڑی تباہ 16افراد ہلاک

15 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا،سرکاری ذرائع، صدر،وزیراعظم کا اظہار مذمت،وفاقی وزیر داخلہ نے واقعےکی رپورٹ طلب کرلی

لوئردیر: پاکستانی سیکیورٹی حکام ریموٹ کنٹرول بم سے تباہ کی جانے والی وین کا معائنہ کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

لوئر دیر کے علاقے جندول میں مسافر وین پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں5 خواتین سمیت 16 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔

کالعدم تحریک طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو تحصیل منڈہ گاؤں لنڈی شاہ میں ایک پک اپ سواریاں لے کر منڈہ جارہی تھی کہ اس دوران سڑک پر نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹ گیا جس سے گاڑی کے پرخچے اڑ گئے جبکہ گاڑی میں سوار افراد کے اعضاء قریبی کھیتوں میں جاگرے، دھماکے میں زخمی ہونے والے گاڑی کے مالک اور کنڈیکٹر آصف ولد گل آدر خان نے اسپتال میں صحافیوں کو بتایا کہ صبح سویرے مڑز خان ولد امیر حیدر خان نے جنازے میں جانے کے لیے گاڑی بک کرائی۔


تقریباً9افراد گاڑی میں سوار ہوئے راستے میں علاقے کی کئی سواریوں کو جو بیمار تھے اور اسپتال جارہے تھے کو بھی بٹھایا، جب گاؤں لنڈی شاہ پہنچے تو 6:30 اور7 بجے کے درمیان پک اپ مرکزی سڑک پر نصب ریموٹ کنٹرول بم سے ٹکرا کر پھٹ گئی جس سے گاڑی میں موجود افراد اور گاڑی کے پرخچے اڑ گئے ' ڈرائیور کے مطابق گاڑی میں موجود16 افراد شہید اور11شدید زخمی ہوگئے جن میں پانچ خواتین اور تین سگے بھائی بھی شامل ہیں، زخمیوں کو منڈہ اور تیمر گرہ اسپتال منتقل کیا گیا، سرکاری ذرائع کے مطابق دھماکے میں 15 کلو سے زائد بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

دریں اثناء تحریک طالبان ملاکنڈ ڈویژن کے ترجمان سراج الدین نے میڈیا کو فون کرکے منڈا لوئر دیر میں گاڑی پر حملے کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ گاڑی میں نشانہ بننے والے لوگ لشکر بنا کر سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہمارے خلاف صف آراء تھے۔ بم دھماکے میں تین بھائی نجیب ' عباس ' عطاء اﷲ پسران سلطان زیب بھی جاں بحق ہوگئے ان کا تعلق گاؤں اینزروں بانڈہ سے تھا جبکہ زخمی اور شہید ہونے والے زیادہ افراد کا تعلق اینزرو بانڈہ سے تھا جس کی وجہ سے پورے علاقہ میں کہرام مچ گیا۔

دوسری جانب صدر آصف علی زر داری اور وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے دھماکے کی شدید الفاظ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے جنگ جاری رہے گی، عوام سے ملکر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پر عزم ہیں،صدر اور وزیر اعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کر نے کی ہدایت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہری تعزیت،ہمدردی اوریکجہتی کا اظہارکیاہے۔ ادھر وزیر داخلہ رحمن ملک نے دھماکے کی رپورٹ متعلقہ حکام سے طلب کرلی ہے ۔

Recommended Stories

Load Next Story