ماں نے 6 ماہ کے بچے کو بند کار میں چھوڑ دیا شیرخوار ہلاک

ماں نے غلطی سے شیر خوار کو چائلڈ ڈے کیئر سینٹر میں چھوڑنے کے بجائے کار میں بندھ کیا اور خود دفتر چلی گئیں

کار میں بچہ دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوگیا؛ فوٹو: فائل

بیلجیئم میں ماں اپنے 6 ماہ کے بچے کو چائلڈ ڈے کیئر سینٹر میں چھوڑنے کے بجائے غلطی سے اپنی کار میں بند کر کے خود دفتر چلی گئی اور جب واپسی آئی تو بچے کو مردہ حالت میں پایا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روزانہ ماں اسپتال ملازمت پر جاتے ہوئے پہلے اپنے 6 ماہ کے بچے کو چائلڈ ڈے کیئر سینٹر چھوڑتی تھی لیکن آج وہ بچے کو نرسری چھوڑنا بھول گئی اور اسپتال پہنچ کر کار پارک کردی۔

6 ماہ کا شیرخوار بند کار میں 8 گھنٹے تک رہا اور آکسیجن کی کمی کے باعث انتقال کرگیا۔ ماں جب دفتر سے واپس لوٹی اور دروازہ کھولا تو بچے کو پچھلی سیٹ پر مردہ حالت میں پایا۔ ماں پورا دن یہی سمجھتی رہی کہ بچے کو چائلڈ ڈے کیئر چھوڑ آئی ہے۔

پولیس نے بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا۔ غفلت برتنے پر ماں کے خلاف مقدمہ بھی ہوسکتا ہے۔


خیال رہے کہ بیلجیئم حمل کے دوران اور پیدائش کے بعد شیر خوار بچوں کی ماؤں کو سب سے کم سہولیات دینے والا یورپی ملک ہے جہاں حاملہ خواتین کو صرف 14 ہفتوں کی چھٹی دی جاتی ہے۔

امریکا میں سالانہ ایسے 38 سانحات رونما ہوتے ہیں جن میں والدین اپنے بچے کو گاڑی میں بھول جاتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ لاپرواہی نہیں ہے جو بلکہ شدید تھکاوٹ کی وجہ سے یادداشت میں عارضی کمی ہے۔

 
Load Next Story