کراچی فائرنگ اور پرتشدد واقعات 3 افرادجاں بحق

سائٹ میں ٹرانسپورٹر کے گھر پر نصب مقناطیسی بم پھٹنے سے نوجوان ماراگیا

اورنگی ٹاؤن پراچہ قبرستان کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 60 سالہ عبدالمجید ہلاک ہوگیا۔ فوٹو: فائل

شہرمیں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 3افراد جاں بحق جبکہ خاتون، باپ اور 2بیٹوں سمیت 11افراد زخمی ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق نیوکراچی صنعتی ایریا کے علاقے نیوکراچی صباسینما کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد 30سالہ عبداﷲ اور 45سالہ علی حسن شدیدزخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا جہاں عبداﷲ نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑدیا۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ موٹرسائیکل سوار 2 افراد اور کار میں سوار افراد کا صبا سینما کے سامنے کسی بات پر جھگڑا چل رہا تھا کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار افراد نے فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر دونوں افراد زخمی ہوگئے اور بعدازاں ایک ہلاک ہوگیا جبکہ موٹر سائیکل سوار ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ کار سواروں کا بھی پولیس کو کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اور مضروب سہراب گوٹھ کے علاقے جمالی گوٹھ کے رہائشی ہیں۔

پولیس مزیدتحقیقات کر رہی ہے۔ پیرآباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن پراچہ قبرستان کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے 60 سالہ عبدالمجید ہلاک ہوگیا۔ پیر آباد پولیس کے مطابق مقتول گھر کے باہر کھڑا تھا جبکہ اس کے اہلخانہ نے بتایا کہ مقتول کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی اور نہ ہی کسی تنظیم سے تعلق تھا۔ پولیس واقعے کو ذاتی دشمنی قرار دے رہی ہے۔ مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔ شاہراہ نورجہاں کے علاقے کٹی پہاڑی نزد مدینہ مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دلاور شاہ اور اس کے 2 بیٹے محمد علی اور وسیم شاہ زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔ ایس ایچ او آصف منور کا کہنا ہے کہ اہلخانہ نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ زخمی ہونے والے دلاور کے بھتیجوں نے ذاتی رنجش کی بنا پر فائرنگ کی تھی اور وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس مزیدتحقیقات کررہی ہے۔ خواجہ اجمیر نگری میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد دلشاد اور ارشاد زخمی ہوگئے۔


سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر ایل ون میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 34 سالہ راحیل ، زمان ٹاؤن کے علاقے کورنگی علی مرتضیٰ مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے حمیداﷲ ، اورنگی ٹاؤن کے علاقے راجاتنویر کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے محمد علی، کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے قیوم آباد میں فائرنگ سے جنید بیگ جبکہ میٹھادر کے علاقے ریلوے سٹی کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ثمینہ نامی خاتون زخمی ہوگئی۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید، جناح اور سول اسپتال لے جایا گیا ۔ پولیس واقعات کی تحقیقات کررہی ہے۔دریں اثنا سائٹ ایریا میں ٹرانسپورٹر کے گھر پر نصب مقناطیسی بم خوفناک دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور تک سنائی دی ، دھماکے میں ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا جبکہ مکان کے گیٹ اور کار کو شدید نقصان پہنچا ۔

تفصیلات کے مطابق سائٹ اے کے علاقے میٹروول شبیر اسپتال کے قریب مکان نمبر C-2 بلاک 3 میں رہائش پذیر ٹرانسپورٹر حاجی درباز خان کے گھر نصب بم خوفناک دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز میلوں دور تک سنائی دی دھماکے سے علاقے مکین خوفزدہ ہو کر گھروں سے نکل آئے دھماکے میں وہاں سے گزرنے والا 22 سالہ شوکت زمان گردن پر بال بیرنگ لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جو بعدازاں ہلاک ہوگیا ۔

مقتول ٹرانسپورٹر کا قریبی رشتے دار اور پڑوسی تھا جو موبائل فون میں بیلنس ڈلوانے جا رہا تھا ، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکا مقناطیسی ڈیوائس بم کے ذریعے کیا گیا اور دھماکا اتنا شدید تھا کہ گھر کا مرکزی لوہے کا دروازہ اکھاڑ کر اندر کھڑی ہوئی گاڑی پر جا گرا جبکہ مقناطیسی ڈیوائس بم میں ڈیڑھ کلو بارودی مواد اور بڑے سائز کے بال بیرنگ شامل کیے گئے تھے جبکہ دھماکے کے بعد قریبی دیواروں پر بال بیرنگ لگنے کے درجنوں نشانات پڑ گئے۔
Load Next Story