سعودی عرب کا کرکٹ کے فروغ کیلیے پاکستان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

سعودی ولی عہد نےکرکٹ کے فروغ کے لیے پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک کو مشاورت کے لیے بلا لیا

فوٹو فائل

سعودی عرب نے اپنی سرزمین پر کرکٹ کے فروغ کے لیے پوری دنیا کو مسترد کرکے پاکستان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق کرکٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر سعودی ولی عہد نے اپنے ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کو مشاورت کے لیے طلب کرلیا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کی خصوصی دعوت پر مدعو ندیم عمر متعلقہ حکام کو کھیل کی ترقی و ترویج کے لیے تجاویز پیش کریں گے جبکہ اس ضمن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر اور سعودی حکومت کے درمیان باہمی مفاہمت کی یاداشت پر بھی دستخط ہوں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ندیم عمر اپنی ٹیم کے ہمرا ہ سعودی عرب کی قومی کرکٹ ٹیم تشکیل دیں گے جبکہ فرنچائز سعودی عرب کا ڈومیسٹک کرکٹ سسٹم بھی تشکیل دے گی۔ اس منصوبے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی قیادت کرنے والے سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ و سابق ٹیسٹ کپتان معین خان کا بھی اہم کردار ہوگا،دریں اثنا کرکٹ کے حلقوں نے سعودی حکومت کی جانب سے دنیا کے بڑے بڑے ناموں کو مسترد کرکے ندیم عمر کا انتخاب پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ ندیم عمر حال ہی میں پی سی بی کے تحت منعقدہ الیکشن میں کراچی ریجن کے بلامقابلہ صدر بھی منتخب ہوئے ہیں۔
Load Next Story